صدر مملکت نے آصف بشیر کو خدمات عامہ کے شعبہ میں گرانقدر خدمات کے اعتراف میں ستارہ امتیاز عطا کیا

جمعہ 24 جنوری 2025 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2025ء) صدر مملکت آصف علی زرداری نے آصف بشیر کو خدمات عامہ کے شعبے میں غیرمعمولی خدمات کے اعتراف میں ستارہ امتیاز سے نوازا ہے۔ یہ ایوارڈ جمعہ کو ایوان صدر میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں دیا گیا جس میں اراکین پارلیمنٹ نے شرکت کی۔ تقریب میں پڑھے گئے توصیفی کلمات کے مطابق آصف بشیر جو اس وقت ڈپٹی کمشنر آفس پشاور میں کمپیوٹر آپریٹر کے عہدے پر تعینات ہیں، کو وفاقی وزارت مذہبی امور نے گزشتہ برس حج آپریشن کے لیے بطور معاون حج منتخب کیا تھا۔

حج آپریشن کے دوران درجہ حرارت 51.8 ڈگری تک بڑھ گیا جس کے باعث متعدد عازمین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ایسے حالات میں حج معاونین غیر معمولی اور قابل تعریف خدمات انجام دیتے ہیں جن کا اکثر اعتراف نہیں کیا جاتا۔

(جاری ہے)

معاونین بنیادی طور پر پاکستانی حجاج (عازمین) کو سہولیات فراہم کرنے کے ذمہ دار ہیں تاہم وہ دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے حجاج کو بھی ممکنہ سہولیات فراہم کرتے ہیں۔

آصف بشیر ایام حج میں منیٰ میں معاون کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے جہاں ہندوستان سمیت مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے عازمین کے خیمے موجود تھے۔ 9 ذی الحج کو کئی پاکستانی، ہندوستانی اور برطانوی بزرگ حجاج شدید گرم موسم کی وجہ سے بے ہوش ہو گئے۔ افسوسناک بات یہ ہے کہ اس دن 1300 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔بحران کے دوران آصف بشیر اور ان کی پانچ رکنی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی، متاثرہ زائرین کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی جن میں سے اکثر ہندوستانی شہری تھے۔

سنگین حالات کے باوجود آصف بشیر جسمانی طور پر 17 ہندوستانیوں سمیت 26 حجاج کو اپنے کندھوں پر ہسپتال لے گئے۔ ان کے تیز رفتار اقدامات کی بدولت ان افراد کی جانیں بچ گئیں۔انہوں نے یہ جانے بغیر حجاج کی مدد کی کہ انڈین قونصل جنرل جدہ کے کچھ رشتہ دار بھی ان کے ذریعے بچائے گئے لوگوں میں شامل تھے۔ ان کی بہادرانہ کاوشوں کے اعتراف میں بھارتی وزیر برائے اقلیتی امور نے پاکستانی ٹیم کی غیر معمولی مہمان نوازی اور ذمہ داری کا اعتراف کرتے ہوئے تعریفی خط بھی لکھا۔