سکیورٹی فورسز کے خیبرپختونخواہ میں مختلف آپریشنز، 30 خوارج ہلاک، 8 کو زخمی کردیا گیا

ہلاک خارجیوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد، ہلاک خارجی سکیورٹی فورسز پر حملوں اور شہریوں کے قتل میں ملوث تھے، سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔ آئی ایس پی آر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 25 جنوری 2025 21:50

سکیورٹی فورسز کے خیبرپختونخواہ میں مختلف آپریشنز، 30 خوارج ہلاک، 8 کو ..
راولپنڈی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 25 جنوری 2025ء ) پاک فوج کا ملک بھر میں خوارج دہشتگردوں اور سہولتکار وں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کامیابی سے جاری ہے، سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخواہ میں 3 مختلف کاروائیوں میں 30 خوارج دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرپختونخواہ کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز نے خوارج کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے، سکیورٹی فورسز نے 3 مختلف کاروائیوں میں 30 خوارج کو ہلاک کردیا ہے۔

سکیورٹی فورسز نے لکی مروت میں آپریشن کے دوران 18 خوارج کو ہلاک اور 6 خوارج کو زخمی کردیا ہے۔ اسی طرح فورسز نے ضلع کرک میں انٹیلی جنس بیسڈ کاروائی میں 8 خوارج کو ہلاک کردیا۔ سکیورٹی فورسز نے ضلع خیبرمیں بھی دہشتگردوں کے خلاف کاروائی کی ، جس میں خوارج سرغنہ عزیزالرحمان عرف قاری اسماعیل اور خوارج مخلص سمیت 4 دہشتگردوں کو ہلاک اور 2 خوارج کو زخمی کردیا ، ہلاک خارجیوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ہلاک خارجی سکیورٹی فورسز پر حملوں اور شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔ علاقے میں ممکنہ دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔