وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت بحریہ ٹاؤن میں تقریب ،ٹی ایل پی کے سابق امیدوار برائے قومی اسمبلی پیر ظاہر شاہ کا مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان

بدھ 29 جنوری 2025 16:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جنوری2025ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان اور صدر مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخواانجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ مسلم لیگ عوامی خدمت، ملکی ترقی اور فلاح و بہبود کے مشن پر کاربند ہے، پارٹی کو مضبوط کرنا اور عوامی خدمت کے جذبے کو فروغ دینا مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیح ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بحریہ ٹاؤن اسلام آباد میں ایک تقریب کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں ٹی ایل پی کے سابق امیدوار NA-30 پیر ظاہر شاہ نے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن) میں باضابطہ شمولیت اختیار کی۔ انجینئر امیر مقام نے نئے شامل ہونے والوں کو پارٹی کی روایتی کیپ پہنائی اور ان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پیر ظاہر شاہ اور ان کے ساتھیوں کی شمولیت نہ صرف مسلم لیگ (ن) کی بڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت کا اعتراف بلکہ قائد محمد نواز شریف اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی شاندار کارکردگی پر عوامی اعتماد کا مظہر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت، ملکی ترقی اور فلاح و بہبود کے مشن پر کاربند ہے ، خیبرپختونخوا میں پارٹی کی مضبوطی کے لیے یہ شمولیت اہم قدم ہے۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پارٹی کو مضبوط کرنا اور عوامی خدمت کے جذبے کو فروغ دینا مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیح ہے، نئے شامل ہونے والے افراد کا جذبہ اور اخلاص پارٹی کے لیے قیمتی اثاثہ ثابت ہوگا اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں کو تقویت ملے گی۔

تقریب میں مسلم لیگ (ن) پشاور کے صدر راشد محمود خان، سیکرٹری جنرل امان اللہ خان، سیکرٹری اطلاعات اعجاز خان بڈھ بیر، نائب صدر ملک راشد حسین، سینیٹر اکرام اللہ خان اور حقداد خان نے شرکت کی۔ پارٹی رہنماؤں نے پیر ظاہر شاہ اور ان کے ساتھیوں کا پرتپاک استقبال کیا اور کہا کہ ان کی شمولیت سے پارٹی کی بنیاد مزید مستحکم ہوگی اور عوامی خدمت کے مشن کو نئی قوت ملے گی۔