اگست تک شہر میں مزید 40 ملین گیلن یومیہ پانی لایاجاسکے گا جس سے لیاری سمیت کراچی کے کئی اضلاع میں پانی کی کمی کا مسئلہ حل ہوگا، بیرسٹر مرتضیٰ وہاب

جمعرات 30 جنوری 2025 23:16

اگست تک شہر میں مزید 40 ملین گیلن یومیہ پانی لایاجاسکے گا جس سے لیاری ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جنوری2025ء)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی میں دو قیادتیں چل رہی ہیں، ایک صرف باتیں اور پریس کانفرنس کرتی ہے اور دوسری ہماری قیادت ہے جو کام کرکے وعدوں کو وفا کرتی ہے، کراچی کی ترقی کا سفر بلاول بھٹو کے تیر کے نشان کے تحت شروع ہوا ہے،ہمارا وعدہ ہماری نیت،پیپلز پارٹی کی پوری قیادت عوام کے سامنے ہے، ہمارا منشور تھا عوام کی خدمت کریں گے، کراچی بشمول لیاری کے احساس محرومی کو جلد ختم کریں گے، کے ایم سی نے تمام اداروں کو روڈ کٹنگ کے حوالے سے خط لکھ دیا ہے تاکہ فنڈز کا صحیح استعمال یقینی بنایاجاسکے،بحریہ ٹاؤن کا سندھ حکومت کے ساتھ براہ راست کوئی تعلق نہیں،عدالت کے فیصلے کے تحت اس کی رقم سپریم کورٹ کو ادا کی جارہی ہے،غیر قانونی تعمیرات اور چائنا کٹنگ کی سرپرستی کبھی نہیں کریں گے، لیاری پیپلز پارٹی کی آن اور شان ہے ،یہ بات انہوں نے لیاری کے علاقے سنگھولین میں بکرا پیڑی پمپنگ اسٹیشن کی تعمیر نو اور اپ گریڈیشن کاافتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہو ئے کہی ، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد ، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، پیپلز پارٹی کی مقامی قیادت ، سٹی کونسل کے اراکین بھی موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہاکہ کل کیماڑی میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا آج لیاری میں کررہے ہیں،لیاری کی عوام کا سیوریج کا دیرینہ مسئلہ پیپلز پارٹی نے حل کیا ہے ،بکرا پیڑی کے پمپنگ اسٹیشن پر نئی مشینری لائے ہیں،لیاری کے عوام سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کے تھری کی لائن ڈالنے کا وعدہ کیا تھا، اب اس ایلیویٹڈ لائن کے انفراسٹرکچر کو ڈالنے کا کام شروع ہوچکا ہے ، کے تھری کی لائن کے حوالے سے بلاول بھٹو نے جو وعدہ کیا تھا اس کو جلد مکمل کریں گے، انہوں نے کہاکہ روڈکٹنگ کی مد میں لیاری ٹاؤن کے پاس سوا ارب آئے ہیں، اس فنڈ کو جلد یہاں پر سڑکوں کی تعمیر پر لگایا جائے گا،لیاری کے پانی کی چوری کو روکیں گے،کراچی میں اضافی پانی کی فراہمی کے لئے حب ڈیم سے نئی کنال ڈالنے کا کام بھی چل رہا ہے، اگست تک شہر میں مزید 40ملین گیلن یومیہ پانی لایاجاسکے گا جس سے لیاری سمیت کراچی کے کئی اضلاع میں پانی کی کمی کا مسئلہ حل ہوگا،انہوں نے کہاکہ عوام کے لئے کام پیپلز پارٹی کرے گی، اس کا ثبوت یہ ہے کہ پیپلز پارٹی کو جب بھی اختیار ملا ، اس نے عوام کی خدمت کی، لیاری میں یونیورسٹی پیپلزپارٹی نے بنائی، قومی ادارہ برائے امراض قلب کا سینٹر اور بہترین معیار کا ککری گراؤنڈ بھی لیاری میں پیپلز پارٹی نے بنایا، لیاری پیپلزپارٹی کا گڑھ تھا، ہے اور رہے گا، کسی کواس سے جلن ہوتی ہے تو ہوتی رہے لیکن حقیقت یہی ہے، عوامی خدمت کے منشور پر پیپلز پارٹی کا ایک ایک کارکن کارفرما ہے اور رہے گا، میئر کراچی نے کہاکہ غیرقانونی تعمیرات کی سرپرستی نہیں کرتے،سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی وزیر بلدیات کے کنٹرول میں ہے، وزیربلدیات کے سامنے غیر قانونی تعمیرات کا معاملہ اٹھائیں گے، بحریہ ٹاؤن کو واٹر کارپوریشن نے جو 14ارب کی ادائیگی کا نوٹس دیا ہے، اس پر قانون کے مطابق عمل ہوگا، کے ایم سی اور ٹاؤنز کو روڈ کٹنگ کی مد میں پیسے ملیں گے، ہمارا وعدہ ہے کہ کراچی کے انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے جو بھی قدم اٹھانا پڑا اٹھائیں گے، بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں کراچی کی خدمت کا سفر جاری رہے گا۔

#