وزیر اعلیٰ بلوچستان نے نہ صرف کھیل بلکہ تعلیم کے شعبے میں بھی انقلابی اقدامات کیے ہیں، صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن

جمعرات 30 جنوری 2025 20:30

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جنوری2025ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر میر طارق حسین بگٹی نے قومی کھیل ہاکی کی بحالی اور ترقی میں کلیدی کردار ادا کرنے پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کا شکریہ ادا کیا ہے یہاں کوئٹہ میں ہاکی فیڈریشن کے عہدیداروں اور کھلاڑیوں کے ہمراہ بات چیت کرتے ہوئے میر طارق حسین بگٹی نے کہا کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کے بے حد مشکور ہیں جنہوں نے 2024/25 میں قومی کھیل ہاکی کو بھرپور سپورٹ فراہم کی ان کی سرپرستی میں گراس روٹ لیول سے ہاکی کے فروغ کے لیے اقدامات کیے گئے جن میں انٹر ڈسٹرکٹ، ڈویڑنل اور صوبائی سطح پر مقابلے شامل ہیں انہوں نے کہا کہ آج بلوچستان ہاکی ٹیم کا فائنل میچ منعقد ہو رہا ہے جس کے بعد ٹیم لاہور جائے گی جہاں ملک کے باقی چاروں صوبوں کے فائنل مقابلے ہوں گے ان کا کہنا تھا کہ 15 فروری 2025 کو چیف آف آرمی اسٹاف ہاکی چیمپین شپ کے فائنل کے مہمانِ خصوصی ہوں گے میر طارق حسین بگٹی نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کی قومی کھیل ہاکی میں خصوصی دلچسپی کو بھی سراہا انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے جونیئر ہاکی ٹیم کو عمان بھیجا تھا لیکن اس وقت فیڈریشن کو شدید مالی مشکلات کا سامنا تھا ایسے وقت میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے فیڈریشن کو سپورٹ کیا جس کے نتیجے میں یہ کھلاڑی نہ صرف عمان گئے بلکہ وہاں سے جونیئر ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر کے پاکستان واپس لوٹے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نہ صرف کھیل بلکہ تعلیم کے شعبے میں بھی انقلابی اقدامات کیے ہیں ان کی کاوشوں سے بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے بیرونِ ملک اسکالرشپ کے مواقع فراہم کیے گئے جبکہ صوبہ پنجاب کے مختلف تعلیمی اداروں میں بھی بلوچستان کے طلبہ کو فری اسکالرشپ دی جا رہی ہے میر طارق حسین بگٹی نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے بعد اگر کسی رہنماء نے بلوچستان میں تعلیم کے شعبے پر خصوصی توجہ دی ہے تو وہ وزیر اعلیٰ میر سرفراز احمد بگٹی ہیں ان کے ان اقدامات کے دور رس نتائج مرتب ہوں گے، اور آنے والے 15 سے 20 سالوں میں بلوچستان کے عوام ان کے ثمرات خود محسوس کریں گے انہوں نے امید ظاہر کی کہ بلوچستان میں ہاکی سمیت دیگر کھیلوں اور تعلیمی ترقی کے لیے یہ سلسلہ مزید آگے بڑھے گا، جس سے صوبے کے نوجوانوں کو بہترین مواقع میسر آئیں گے۔