فیصل ۱ٓباد سمیت تمام شہروں میںکل(بدھ کو) یوم یکجہتی کشمیر بھر پور طریقے سے منایا جائے گا

منگل 4 فروری 2025 14:28

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 فروری2025ء) سابقہ روایات کے مطابق اس بار بھی5فروری بروز بدھ کو فیصل آباد سمیت ملک بھر کے تمام شہروں میں یوم یکجہتی کشمیر بھر پور طریقے سے منایا جائیگا اورفیصل آبادڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ،چنیوٹ سمیت تمام صوبائی، ڈویژنل، ضلعی، تحصیل، سٹی ہیڈ کوارٹرز پر ریلیاں منعقد کی جائیں گی جن کا مقصد عالم اقوام کی توجہ مسئلہ کشمیر کے حل اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت کی فراہمی کی جانب مبذول کرانا ہے۔

کشمیر ڈے پرتمام بڑے و چھوٹے شہروں میں آج سیاسی، دینی، مذہبی، عوامی، سماجی تنظیموں کے زیر اہتمام ریلیاں منعقد کی جائیں گی اور انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بھی بنائی جائیں گی۔ کل بروز بدھ کی صبح کا آغاز خصوصی دعاؤں سے کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

صبح 10بجے فیصل ۱ٓباد سمیت تمام شہروں میں سائرن بجائے جائیں گے اور شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرنے سمیت ان کے ورثاسے اظہار یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی مکمل خاموشی اختیار کی جائے گی۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آج فیصل ۱ٓباد سمیت تمام شہروں میں خصوصی سیمینارز، کانفرنسز، جلسوں، مباحثوں، مذاکروں کا بھی انعقاد کیا جائے گا جس سے حریت کانفرنس سمیت دیگرسیاسی، دینی، مذہبی جماعتوں کے مرکزی رہنما خطاب کریں گے۔ اس موقع پر کشمیری جماعتیں بڑے شہروں میں کیمپ بھی لگائیں گی۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں فیصل آباد سمیت تمام بڑے شہروں میں بڑی تعداد میں مطالباتی بینرز بھی آویزاں کئے گئے ہیں جن پر کشمیر کی آزادی تک جنگ رہے گی جنگ رہے گی، کشمیر بنے گا پاکستان سمیت مختلف نعرے درج ہیں۔