ڈالر کی قیمت 140روپے! گوگل نے اوورسیز پاکستانیوں کو الجھا کر رکھ دیا

کرنسی کنورٹر نے برطانوی پاؤنڈ، اماراتی درہم، سعودی ریال اور قطری ریال کی قیمتوں سے بھی صارفین کو حیران کردیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 4 فروری 2025 12:51

ڈالر کی قیمت 140روپے! گوگل نے اوورسیز پاکستانیوں کو الجھا کر رکھ دیا
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 فروری 2025ء ) معروف سرچ انجن گوگل نے ڈالر کی قیمت 140روپے دکھا کر اوورسیز پاکستانیوں کو الجھا کر رکھ دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گوگل کے کنورٹر سسٹم نے غلطی سے ریٹ میں واضح کمی ظاہر کرتے ہوئے امریکی کرنسی ڈالر کی قدر پاکستانی کرنسی میں 140 روپے پر پہنچادی، جس نے اوورسیز پاکستانیوں کو کچھ دیر کے لیے الجھن میں ڈال دیا، گوگل کی جانب سے ظاہر کیے جانے والے ریٹ کو دیکھ کر جب مارکیٹ کا رخ کیا گیا تو وہاں امریکی ڈالر کی اصل قیمت 279 روپے 04 پیسے پر منڈلاتی نظر آئی۔

بتاتے چلیں کہ یہی نہیں بلکہ گوگل کے کرنسی کنورٹر نے غلطی سے برطانوی پاؤنڈ کی قیمت بھی اس کے اصل ریٹ 346 روپے کی بجائے 175 روپے دکھائی، اسی طرح اماراتی درہم، سعودی ریال اور قطری ریال کی بھی غلط قیمتیں ظاہر کی گئیں کیوں کہ اماراتی درہم اور سعودی ریال کے اصل مارکیٹ ریٹ 76 روپے 50 پیسے اور 74 روپے 70 پیسے ہیں جب کہ گوگل نے اماراتی درہم اور سعودی ریال کی قیمتیں بالترتیب 38 روپے 30 پیسے اور 37 روپے 50 پیسے دکھائی، قطری ریال جس کی اصل قیمت 77 روپے ہے گوگل کرنسی کنورٹر پر اس کی قیمت بھی 38 روپے 60 پیسے ظاہر ہوئی۔

(جاری ہے)

google mistake
 
دوسری طرف اگر حقیقی مارکیٹ کا جائزہ لیں تو پتا چلتا ہے کہ کاروباری ہفتے کے آغاز پر ہی ڈالر مزید مہنگا ہوگیا جہان پیر کے روز ناصرف انٹربینک بلکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جہاں ڈالر کی قدر 10پیسے اضافے سے 279 روپے 04 پیسے کی سطح پر بند ہوئی، اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 09 پیسے کے اضافے سے 280 روپے 88 پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔

علاوہ ازیں کاروباری ہفتے کے آغاز پر ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونا بھی مہنگا ہوا جہاں فی تولہ قیمت میں 200 روپے کا اضافہ ہونے سے نئی قیمت 2 لاکھ 92 ہزار 400 روپے ہوگئی ، اسی طرح فی 10 گرام سونے کی قیمت بھی 171 روپے کے اضافے سے 2 لاکھ 50 ہزار 685 روپے ہوگئی، اسی طرح پیر کے دن سٹاک مارکیٹ بھی مندی کی زد میں رہی جہاں کاروباری ہفتے کے پہلے روز 1510 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 12 ہزار 745 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔