سمگلروں نے لاہور کے نوجوانوں سے لاکھوں روپے ہتھیا کر انہیں بیرون ملک بیچ ڈالا

متاثرہ نوجوانوں کے اہل خانہ نے حکومت پاکستان سے ان کے پیاروں کو بازیاب کرانے کی اپیل کردی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 5 فروری 2025 12:16

سمگلروں نے لاہور کے نوجوانوں سے لاکھوں روپے ہتھیا کر انہیں بیرون ملک ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 فروری2025ء ) انسانی سمگلروں کی ایک اور واردات سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے لاہور کے نوجوانوں سے لاکھوں روپے ہتھیا کر انہیں بیرون ملک بیچ ڈالا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق غیر قانونی طور پر3 نوجوانوں کو بیرون ملک بھجوانے پر 5 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے، صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقہ رائیونڈ کے رہائشی ماجد اقبال خان نے اس حوالے سے ایف آئی اے میں درخواست دی جس کی بنیاد پر مقدمات کا اندراج کیا گیا۔

اس حوالے سے متاثرہ نوجوانوں کے ماموں کی جانب سے کہا گیا ہے کہ میرے 3 بھانجوں کو اٹلی بھجوانے کے لیے ہم نے 5 ملزمان کو 90 لاکھ روپے دیئے، تاہم ملزمان کی جانب سے سہیل، ارسلان اور خرم کو پڑوسی ملک لے جا کر مزید رقم طلب کا تقاضا کیا گیا، جس کے بعد انسانی سمگلروں نے نوجوانوں کو اغواء کاروں کو فروخت کردیا، ان اغواکاروں نے نوجوانوں کو تشددکا نشانہ بنایا اور ان کی ویڈیوز بناکر گھر والوں کو بھیج دیں، جس کے ساتھ بھیجے جانے والے پیغام میں اغوا کاروں نے نوجوانوں کی رہائی کے لیے 2 کروڑ 80 لاکھ روپے بھی طلب کیے ہیں، ہم حکومت پاکستان سے ہمارے پیاروں کو بازیاب کرانے کی اپیل کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری طرف حکام نے مراکش کشتی حادثے میں ملوث انسانی سمگلنگ گروہ کا پتا چلا لیا جس کے بعد اہم سہولتکار کو بھی گرفتار کرلیا گیا، وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل فیصل آباد نے مراکش کشتی حادثے میں ملوث انسانی سمگلنگ کے گینگ کا سراغ لگایا، جس کے بعد پاکستان سے یورپ تک پھیلے بین الاقوامی نیٹ ورک کو بے نقاب کرتے ہوئے اہم سہولتکار عبدالغفار کو اسلام آباد ایئرپورٹ سے گرفتار کیا، گرفتار ملزم عبدالغفار کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئیں۔