خطے میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ناگزیر ، عالمی برادری مقبوضہ خطے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق

بدھ 5 فروری 2025 14:26

خطے میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا  اقوام متحدہ کی  قراردادوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 فروری2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ناگزیر ہے ،گزشتہ 78 برس سے کشمیری عوام بھارتی ظلم و جبر کا سامنا کر رہے ہیں،عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا سے جاری خصوصی پیغام میں سپیکر نے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے، خطے میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ناگزیر ہے،پاکستان کشمیری عوام کی جدو جہد آزادی کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

(جاری ہے)

سردار ایاز صادق نے کہا کہ 78 برس سے کشمیری عوام بھارتی ظلم و جبر کا سامنا کر رہے ہیں،عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی آئین سے آرٹیکل 370 اور 35A کی منسوخی بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ سپیکر نے کہا کہ کشمیری عوام نے اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لیے لازوال قربانیاں پیش کی ہیں، طاقت کے بل بوتے پر کشمیری عوام کی تحریک آزادی کو دبایا نہیں جا سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ حق خودارادیت کے حصول کےلئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے بہادر سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان نے ہمیشہ بین الاقوامی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا، پارلیمان آئندہ بھی کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی تحریک کی حمایت جاری رکھے گی۔\932