کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ، وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر آزاد ہوگا،حنیف عباسی

بدھ 5 فروری 2025 17:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 فروری2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ن )کے رکن قومی اسمبلی محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر آزاد ہوگا،انہوں نے عالمی برادری اور اقوامِ متحدہ پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کریں۔

یہ بات انہوں نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ راولپنڈی کے زیرِ اہتمام وقارالنساء کالج فار ویمن میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔تقریب میں کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد صبح 10 بجے کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے طور پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستان کا قومی ترانہ بجایا گیا جبکہ طلباء و طالبات نے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم اور ان کی جدوجہدِ آزادی پر مبنی تاثراتی ٹیبلو پیش کئے۔ تقریب کے دوران کشمیری عوام کی قربانیوں پر ایک خصوصی ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی جس نے حاضرین کو جذباتی کر دیا۔ تقریب کے مہمانانِ خصوصی ممبر قومی اسمبلی محمد حنیف عباسی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل (ADCG) راولپنڈی ڈاکٹر حسان طارق تھے جبکہ چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔

اس موقع پر طلباء و طالبات نے یومِ یکجہتی کشمیر کے عنوان پر پُرجوش تقاریر کیں جن میں کشمیری عوام کی جدوجہد اور قربانیوں کو اجاگر کیا گیا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا اور ہر فورم پر ان کے حقِ خودارادیت کی آواز بلند کرتا رہے گا۔ممبر قومی اسمبلی محمد حنیف عباسی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے فرمان کے مطابق ''کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے''۔

اس موقع پر ڈاکٹر حسان طارق نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے حقوق کے حصول کے لئے ہر ممکن جدوجہد جاری رکھیں گے۔ تقریب کے اختتام پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لئے ایک بڑی ریلی نکالی گئی جو وقارالنساء کالج سے شروع ہو کر مختلف راستوں سے گزری۔ اس ریلی میں ضلعی انتظامیہ، طلباء و طالبات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

یومِ یکجہتی کشمیر ہر سال 5 فروری کو کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لئے منایا جاتا ہے اور اس دن پاکستان بھر میں مختلف تقریبات، سیمینارز اور ریلیوں کا انعقاد کیا جاتا ہے تاکہ دنیا کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت کرتی ہے۔