انسانی سمگلر سمیت 2 ملزمان گرفتار‘ مراکش سے 4 پاکستانیوں کی میتیں اسلام آباد پہنچ گئیں

ملزم عنصر محمود یونان کشتی حادثے میں ملوث ہے جو انسانی سمگلنگ میں ملوث گینگ کا حصہ ہے، دوسرے ملزم محمد اویس نے شکایت کنندہ کو کینیڈا ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورے؛ ایف آئی اے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 6 فروری 2025 12:21

انسانی سمگلر سمیت 2 ملزمان گرفتار‘ مراکش سے 4 پاکستانیوں کی میتیں اسلام ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 فروری 2025ء ) وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے انسانی سمگلر سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا جب کہ مراکش کشتی حادثے میں جاں بحق 4 پاکستانیوں کی میتیں اسلام آباد پہنچا دی گئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف آئی اے گجرانوالہ زون نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی سمگلر سمیت جن 2 ملزمان کو گرفتار کیا ان میں عنصر محمود اور محمد اویس شامل ہیں، ملزم عنصر محمود کو ناروال اور ملزم محمد اویس کو گجرانوالہ سے گرفتار کیا گیا۔

حکام نے بتایا ہے کہ ملزم عنصر محمود یونان کشتی حادثے میں ملوث ہے، گرفتار ملزم انسانی سمگلنگ میں ملوث گینگ کا حصہ ہے، ملزم نے دیگر ساتھیوں کی ملی بھگت سے متاثرہ احسن علی کو یورپ بھجوانے کے لئے 45 لاکھ روپے لیے، ملزم نے دیگر ملزمان کی ملی بھگت سے متاثرہ شہری کو لیبیا میں سیف ہاوسسز میں رکھا اور بعد ازاں زبردستی کشتی کے ذریعے لیبیا سے یونان بھجوانے کی کوشش کی، اس دوران کشتی حادثے میں متاثرہ احسن علی کی موت واقع ہوگئی، متاثرہ شہری کا تعلق جلال پور جٹاں سے تھا۔

(جاری ہے)

ترجمان ایف آئی کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کے دوران گرفتار ہونے والے دوسرے ملزم محمد اویس نے شکایت کنندہ کو کینیڈا ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورے، ملزم نے مجموعی طور پر 51 لاکھ 37 ہزار روپے لیے، ملزم شکایت کنندہ کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہا اور روپوش ہو گیا، ملزمان کو گرفتار کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ مراکش کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے 4 پاکستانیوں کی میتیں وطن واپس پہنچا دی گئی ہیں، پرواز ایس وی 726 کے ذریعے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچائی جانے والی میتوں کو وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے وصول کیا، ان میں سے دو میتوں کا تعلق منڈی بہاؤالدین اور ایک کا تعلق شیخوپورہ سے ہے، جاں بحق ہونے والوں میں محمد ارسلان، علی سجاد، حامد شبیر، اور اقبال وقاص شامل ہیں، وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانی چوہدری سالک حسین نے انٹرنیشنل کارگو ٹرمینل پر ان کی میتیں وصول کیں اور اہل خانہ کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔