صدر مملکت آصف زرداری کی چینی وزیراعظم لی چیانگ سے ملاقات، دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ

پاکستان اورچین کے درمیان کئی معاہدوں پر دستخط بھی ہوئے،صدر مملکت کی چینی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت ، ملاقات میں پاک چین اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے پر گفتگو کی گئی

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 6 فروری 2025 14:00

صدر مملکت آصف زرداری کی چینی وزیراعظم لی چیانگ سے ملاقات، دو طرفہ تعاون ..
بیجنگ(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 فروری 2025)صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین کے وزیراعظم لی چیانگ سے گریٹ ہال آف دی پیپلز میں ملاقات کی، دونوں رہنما وں نے دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال ہواجبکہ پاک چین اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے پر بھی بات کی گئی اور دونوں ملکوں کے مابین پائیدار اور گہری آل ویدر سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ پر روشنی ڈالی گئی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری کی چین کے وزیر اعظم لی چیانگ سے ملاقات میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور وزیر اعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ ،شرجیل میمن،ناصرشاہ، سلیم مانڈوی والا بھی موجود تھے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے چینی ہم منصب شی جن پنگ کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں قابل تجدید توانائی، سائنس و ٹیکنالوجی ، انفراسٹرکچر اور زرعی شعبوں میں تعاون کے فروغ پر غور ہوا جبکہ اقتصادی تعاون بڑھانے کیلئے نجی شعبے اور کاروباری برادری میں روابط بڑھانے پر بھی گفتگو ہوئی۔

ملاقات کے اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک کے رہنماوں کی پے در پے نسلوں نے دوستی کو مضبوط کیا۔ صدر مملکت نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ صدر مملکت نے علاقائی روابط اور اقتصادی ترقی کے فروغ میں پاک چین اقتصادی راہداری کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی ایجنڈے کیلئے چین کی مسلسل حمایت پر شکر گزار ہیں۔

علاقائی روابط اور اقتصادی ترقی کیلئے سی پیک منصوبہ بہت اہمیت کا حامل ہے۔ مشترکہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان اورچین کے درمیان کئی معاہدوں پر دستخط بھی ہوئے ۔بیجنگ پاکستان اور چین کے مابین مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کرنے کی تقریب ہوئی۔ تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی شرکت کی۔

تقریب میں پاکستان اور چین کے مابین مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔صدر مملکت نے پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے کیلئے چین کی مسلسل حمایت کو سراہا۔ فریقین نے سی پیک 2.0 کے تحت قابل تجدید توانائی، سائنس اور ٹیکنالوجی، انفراسٹرکچر اور زراعت کے شعبوں میں تعاون گہرا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔دونوں رہنماوں نے ملاقات میں بی ٹو بی اور نجی شعبے کے روابط کے ذریعے تجارتی اور اقتصادی تعاون بڑھانے کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں مشترکہ مستقبل کی پاک چین کمیونٹی کے قیام کیلئے عوامی اور ثقافتی تبادلوں کو وسعت دینے پر زور دیاگیا۔اعلامیہ کے مطابق سی پیک کو اپ گریڈ کرکے جدید ترقیاتی راہداری بنایا جائے گا، پاکستان میں خصوصی اقتصادی زونز میں چینی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی گئی جبکہ پاکستان اورچین کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور دونوں ممالک کے درمیان سائنس وٹیکنالوجی تعاون کے فروغ پراتفاق ہوا۔مشترکہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان اورچین نے خلا میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا جبکہ پاکستان اور چین کے دفاعی و سکیورٹی تعاون مزید مستحکم کرنے پر اتفاق ہوا کیا گیا۔