کراچی میں قاتل ڈمپروں کولگام نہ دی گئی تو انتہائی اقدام پر مجبور ہوں گا، کامران ٹیسوری

سندھ حکومت ڈمپر مافیا کےخلاف ایک ہفتے میں لائحہ طے کرے، ڈمپر مافیا کےخلاف کارروائی کرے ورنہ میں لائحہ عمل دوں گا، ڈمپر ڈرائیورز کا لوگوں کوکچل کر فرار ہونا سوالیہ نشان ہے، گورنر سندھ

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 6 فروری 2025 14:26

کراچی میں قاتل ڈمپروں کولگام نہ دی گئی تو انتہائی اقدام پر مجبور ہوں ..
کراچی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 فروری 2025)گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ کراچی میں قاتل ڈمپروں کولگام نہ دی گئی تو انتہائی اقدام پر مجبور ہوں گا،گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے شہر میں ڈمپروں سے شہریوں کے کچلنے کے واقعات پر سوال اٹھا دیا،صرف کراچی ہی میں ڈمپروں کے کچلنے کے اس قدرواقعات کیوں ہیں، اپنے ایک بیان میں گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ڈمپر ڈرائیورز کا لوگوں کوکچل کر فرار ہونا سوالیہ نشان ہے۔

جس کمپنی کا ڈمپر حادثہ کا ذمہ دارہواس کمپنی کے خلاف کارروائی کی جائے۔سندھ حکومت ڈمپر مافیا کےخلاف ایک ہفتے میں لائحہ طے کرے۔ سندھ حکومت ڈمپر مافیا کےخلاف کارروائی کرے ورنہ میں لائحہ عمل دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ نتظامیہ کی غفلت کب تک معصوم شہریوں کی زندگیاں چھینے گی۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے صوبائی حکومت کو ڈمپرمافیاکے خلاف ایک ہفتے میں لائحہ عمل دینے کامطالبہ کیا اور کہا کہ حکومت ڈمپر مافیا کے خلاف کارروائی کرے ورنہ لائحہ عمل دوں گا۔

دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں چند گھنٹوں کے دروان تیز رفتاری ڈمپروں کی ٹکر سے مزید 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی میں ڈمپر کی ٹکر سے شہریوں کی ہلاکت کا تازہ ترین واقعہ ملیر ہالٹ میں پیش آیا جہاں ڈمپر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار کر باپ اور بیٹے کی جان لے لی جبکہ ایک خاتون زخمی ہو گئی۔حادثے میں جاں بحق ہونے والے باپ اور بیٹے کے ورثا کا کہنا ہے کہ ان کی فیملی ہجرت کالونی کی رہائشی ہے جو خدا کی بستی سے موٹر سائیکل پر واپس آ رہی تھی۔

ورثا کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق سلیم نجی کمپنی میں چوکیدار اور 6 بچوں کا باپ تھا، ہم غریب لوگ ہیں کوئی قانونی کارروائی نہیں چاہتے۔اس سے قبل کراچی میں ڈمپر تلے کچلے جانے سے میاں بیوی اور نوجوان جاں بحق ہوگیا۔افسوسناک حادثہ راشد منہاس روڈ ملینیم مال کے قریب پیش آیا۔ خونی ڈمپر نے موٹرسائیکل سواروں کو روند دیا جس کے نتیجے میں میاں بیوی سمیت تینوں افراد موقع پر دم توڑ گئے۔

ڈمپر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 40 سالہ مریم زہرہ اور 46 سالہ کامران کے نام سے ہوئی ہے۔مشتعل افراد نے پتھراﺅ کر کے ڈمپر کے شیشے توڑ دیئے۔اطلاع پر پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں،۔پولیس نے حادثے کی تفتیش اور فرار ہونے والے ڈمپر کے ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی۔