چنار سپر لیگ سیزن 7 کی کٹ لانچنگ تقریب

aijaz ahmad gondal اعجاز احمد گوندل جمعرات 6 فروری 2025 16:01

چنار سپر لیگ سیزن 7 کی کٹ لانچنگ تقریب
دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 6فروری2025ء) یواے ای میں چنار سپر لیگ سیزن 7 کی تیاریوں کے سلسلے میں دبئی کے ایک مقامی ہوٹل میں کٹ لانچنگ تقریب منعقد کی گئی۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی علی زیب تھے، جبکہ صدارت ایکٹنگ چیئرمین چنار سپر لیگ راجہ داؤد شریف نے کی۔ تقریب میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض پاک چنار ونگ کے سیکرٹری جنرل عمران علی جان نے انجام دیے۔

تقریب کا آغاز محمد فضل کی تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جبکہ لیاقت عزیز نے نعت رسول مقبولﷺ پیش کی۔ صدر پاک چنار ونگ، راجہ امجد کبیر نے چنار سپر لیگ سیزن 7 کے اغراض و مقاصد پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ چنار سپر لیگ اپنے کامیاب 6 سیزنز کے بعد ایک بار پھر بہترین کرکٹ ایونٹ کا انعقاد کر رہی ہے۔ سیزن 7 میں 16 ٹیمیں حصہ لیں گی، لیگ میچز 7 اور 8 فروری کو ہوں گے، جبکہ فائنل 9 فروری کو کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

تقریب کے ٹائٹل اسپانسرز ایمپائر ڈیولپمنٹس اور غنی ہولڈنگ گروپ کے چیئرمین کامران غنی نے اپنے خطاب میں کہا کہ چنار لیگ دیگر ٹورنامنٹس سے منفرد ہے، کیونکہ اس میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے آگاہی مہم چلائی جاتی ہے۔ ایمپائر ڈیولپمنٹس نے چنار سپر لیگ کی شجر کاری مہم کی وجہ سے اسے ٹائٹل اسپانسر کیا۔ اس موقع پر سمارٹ کریئیشن کے سی ای او اسد ہاشمی نے کہا کہ چنار لیگ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے کام کر رہی ہے، جبکہ پارک گروپ کے سی ای او اسامہ جبار نے کہا کہ چنار سپر لیگ عالمی ماحولیاتی آگاہی مہم کا حصہ ہے۔

تقریب میں معروف کشمیری بزنس مین راجہ خان محمد خان، فاؤنڈر اسد راجہ، سردار صداقت حیات، سردار جاوید یعقوب، راجہ عبدالجبار، راجہ راشد علی، راجہ واجد کبیر، سردار نقاش ریاض، خالد زمان، راجہ اسد پرویز، شہباز مغل، اور مختلف صحافتی تنظیموں کے رہنما بھی شریک ہوئے۔ مہمان خصوصی علی زیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ ایک مقبول کھیل ہے جو نہ صرف تفریح فراہم کرتا ہے بلکہ جسمانی صحت، ذہنی صلاحیتوں اور سماجی تعلقات کو بھی فروغ دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چنار سپر لیگ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں میں مشغول رکھنے کا ایک بہترین پلیٹ فارم ہے۔ دیگر مقررین نے چنار سپر لیگ کے کامیاب انعقاد پر انتظامیہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ لیگ نہ صرف کھیل کے میدان میں ایک منفرد مقام رکھتی ہے بلکہ یہ کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد کو آپس میں جوڑنے کا بھی ایک اہم ذریعہ ہے۔

چنار سپر لیگ کے بانی راجہ اسد نے کہا کہ یہ لیگ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کا موقع فراہم کرتی ہے اور ارپار کے کشمیریوں کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ سیزن یواے ای تک محدود نہیں رہے گا بلکہ اس کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔ آخر میں چنار سپر لیگ کے ایکٹنگ چیئرمین راجہ داؤد شریف نے تمام مہمانوں اور میڈیا کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ چنار سپر لیگ اب ایک برانڈ بن چکی ہے اور ہر سال کی طرح سیزن 7 بھی کامیاب ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ لیگ کمیونٹی کو متحد رکھنے کے لیے آئندہ بھی اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔