Live Updates

جماعت اسلامی کا 8 فروری کو یوم سیاہ اور الیکشن کمیشن آفس کے باہر مظاہرے کا اعلان

8 فروری پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، لوگوں نے ووٹ کسی اور کو دیا لیکن فارم 47 پر کسی اور کو جتوا دیا گیا،انتخابات کے نتائج پر جوڈیشل کمیشن بنایاجائے،امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی پریس کانفرنس

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 6 فروری 2025 16:15

جماعت اسلامی کا 8 فروری کو یوم سیاہ اور الیکشن کمیشن آفس کے باہر مظاہرے ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 فروری 2025)جماعت اسلامی نے 8فروری کو ملک بھر میں یوم سیاہ منانے اور الیکشن کمیشن آفس کے باہر مظاہرے کرنے کا اعلان کر دیا، انتخابات کے نتائج پر جوڈیشل کمیشن بنایاجائے،ملک میں افراتفری کی وجہ مینڈیٹ کا چوری ہونا ہے، لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 8 فروری 2024ء پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔

لوگوں نے ووٹ کسی اور کو دیا لیکن فارم 47 پر کسی اور کو جتوا دیا گیا۔ اگر فارم 45 پر فیصلہ ہونا شروع ہو تو حکومت کے 80 فیصد لوگ فارغ ہو جائیں گے۔ ری الیکشن کی بات کرنا حکومت کو تقویت پہنچانا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ جوڈیشل کمیشن بنے اور فارم 45 کی بنیاد پر فیصلے کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی 8 فروری کو یوم سیاہ منائے گی اور کراچی میں الیکشن کمیشن آفس سمیت ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

امیر جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ جوڈیشل کمیشن بنے اور فارم 45 کے مطابق فیصلہ کئے جائیں۔ فارم 45 کے مطابق جیتنے والی جماعت کو ان کی نشستیں دی جائیں۔ فارم45 کے مطابق جس کی زیادہ نشستیں ہوں اسے حکومت دی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ عوام کو انتخابی عمل سے شدید مایوسی ہوئی۔ کراچی میں لوگوں نے ووٹ تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کو دیا مگر ایم کیو ایم کو دھاندلی سے سیٹیں دی گئیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ خود وزیراعظم شہبازشریف، نوازشریف اور مریم نواز فارم47 کے ذریعے آئے ہے۔ پیپلزپارٹی کے لوگ بھی فارم47 کی بنیاد پر آئے ہیں۔اس لئے جماعت اسلامی نے 8 فروری کو یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے سوال کیا کہ کس فارمولے کے تحت مہنگائی کی شرح کم بتائی جا رہی ہے؟۔ حکومتی دعوﺅں کے برعکس ملک میں مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ رمضان آرہا مہنگائی میں کمی کے جھوٹے دعوے کئے جا رہے ہیں۔ دال، گھی، چینی سمیت دیگر اشیا ءضروریہ کی قیمتیں بڑھ رہی ہے۔حکومت کے مہنگائی کم ہونے کے تمام دعوے غلط ہیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات