معاشی میدان میں اہم کامیابیاں حاصل ہوئیں‘ رائٹ سائزنگ سے بعض وزارتوں کو ضم کیا جائے گا، وزیرخزانہ

کئی ہزارخالی آسامیاں ختم کی جاچکی ہیں، اس سے وفاقی حکومت کے اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی، پنشن اصلاحات پرعمل درآمد کا آغازہوچکا؛ محمد اورنگزیب کا اسلام آباد میں تقریب سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 6 فروری 2025 16:15

معاشی میدان میں اہم کامیابیاں حاصل ہوئیں‘ رائٹ سائزنگ سے بعض وزارتوں ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 فروری 2025ء ) وفاقی وزیرخزانہ و محصولات سینیٹرمحمداورنگزیب نے کہا ہے کہ گزشتہ ایک سال میں پاکستان نے معیشت کے محاذ پرنمایاں پیشرفت کی ہے اور معاشی میدان میں اہم کامیابیاں حاصل ہوئیں، رائٹ سائزنگ پالیسی کے تحت بعض وزارتوں کو ضم کیا جائے گا، صوبوں میں زرعی آمدن پرٹیکس کے حوالے سے قانون سازی قابل تعریف اور درست سمت میں کلیدی قدم ہے، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے اپناکرداراداکررہے ہیں۔

موسمیاتی وماحولیاتی تبدیلیوں کے موضوع پر ’بریتھ پاکستان‘ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنوری کے اختتام پرمہنگائی کی شرح 2.4 فیصدتک گرگئی ہے، پاکستان میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات پرعمل درآمد ہو رہا ہے، ٹیکس کے محاذ پراچھی پیشرفت ہورہی ہے، صوبوں میں زرعی آمدن پرٹیکس کے حوالے سے قانون سازی ہورہی ہے جو قابل تعریف اور درست سمت میں کلیدی قدم ہے، اس سے ملک میں ٹیکس کی بنیادکووسعت دینے میں مددملے گی۔

(جاری ہے)

وزیرخزانہ کہتے ہیں کہ وفاقی حکومت کے حجم کو درست کرنے کے ضمن میں بھی کام ہورہاہے، بعض وزارتوں کوضم اور ان سے منسلک محکموں کوختم یا نجی شعبے میں دیا جارہاہے، کئی ہزارخالی آسامیاں ختم کی جاچکی ہیں، اس سے وفاقی حکومت کے اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی، پنشن اصلاحات پرعمل درآمد کا آغازہوچکا ہے اور یکم جولائی 2024ء سے نئے بھرتی ہونے والے سول ملازمین پر ان کا اطلاق ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے پائیدار ترقی اور استحکام کی راہ میں بڑھتی ہوئی آبادی اور ان کا انتظام و انصرام اور موسمیاتی تبدیلیاں دوبڑے چیلنجز ہیں، پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے اپناکردار ادا کررہا ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ سرفہرست ممالک میں شامل ہے، موسمیاتی اڈاپٹیشن ایک بڑامسئلہ ہے، پاکستان نے نیشنل ڈاپٹیشن پلان لاگو کردیا ہے، نیشنل کلائیمٹ فنانس سٹریٹجی متعارف کرائی گئی ہے، باکو میں وزارئے موسمیاتی تبدیلیوں کے اجلاس میں اس حکمت عملی کو شئیر کی اگیا۔

محمد اورنگزیب نے بتایا کہ سٹیٹ بینک نے گرین ٹیکسانومی کے حوالے سے رہنما ہدایات جاری کی ہیں، یہ قدم پہلے اٹھانا چاہیئے تھا تاہم اب بھی یہ خوش آئند قدم ہے، شرم الشیخ میں کوپ 27 کے موقع پر لاس اینڈ ڈیمیجز فنڈ کااعلان ہوا اور کوپ 29 کے موقع پراس پرعمل درآمدشروع ہوا، گرین کلائمنٹ فنڈ کا آغاز خوش آئند ہے، ضرورت اس امرکی ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے منصوبوں کیلئے مالی انتظام وانصرام کے عمل کو جلد از جلد مکمل کیا جائے، اس ضمن میں ایشیائی ترقیاتی بینک اورعالمی بینک کا کردار قابل تعریف ہے۔ ۔

متعلقہ عنوان :