بزنس کمیونٹی کی سہولت کیلئے غیر ضروری رکاوٹیں ختم کرنے کی ضرورت ہے،یوسف رضا گیلانی

جمعرات 6 فروری 2025 19:08

بزنس کمیونٹی کی سہولت کیلئے غیر ضروری رکاوٹیں ختم کرنے کی ضرورت ہے،یوسف ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 فروری2025ء)قائمقام صدر مملکت سید یوسف رضا گیلانی نے بزنس کمیونٹی کی سہولت کیلئے غیر ضروری رکاوٹیں ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سہولت فراہم کررہی ہے۔ قائمقام صدر نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں نجی ہوٹل کے ریسٹورنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں اراکین پالیمنٹ، ممتاز تاجروں اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ قائمقام صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے نجی شعبے میں ترقی کی بڑی صلاحیت موجود ہے، ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے کاروباری برادری کو سہولیات دینا ہوں گی۔ قائمقام صدر نے کہا کہ پاکستان کی ثقافت ایک الگ پہچان کی حامل ہے، پاکستان کے پکوان دنیا بھر میں مقبول ہیں، مل کر پاکستان کو ایک پرکشش سیاحتی مقام بناسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بطور وزیر سیاحت ملک کے سیاحتی شعبے کو انڈسٹری کا درجہ دیا جبکہ ماضی میں بطور وزیر اور وزیرِ اعظم اسلام آباد میں م?ختلف منصوبے مکمل کیے۔ قائمقام صدر مملکت نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے، بطور وزیر ہاؤسنگ ملک کے تعمیراتی شعبے کی ترقی کیلئے م?ختلف اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے تاجر برادری کو سہولیات کی فراہمی ناگزیر ہے، اس اقدام کے نتیجے میں پاکستان میں نجی شعبے کی ترقی کے بے پناہ امکانات ہیں۔

سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستانی کھانوں کو عالمی سطح پر مقبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی ثقافت بھی ایک منفرد شناخت رکھتی ہے۔ قائم مقام صدر نے تاجر برادری کو حوصلہ افزائی کیلئے غیر ضروری رکاوٹوں کو دور کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سینٹورس گروپ کے سی ای او اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ اینڈسٹری کے سابق صدر سردار یاسر الیاس نے کہا کہ ملک کے پہلے لگڑری ہوٹل کا اسلام آباد میں افتتاح کردیا گیا ہے جو 380 کمروں پر مشتمل اور جدید سہولیات سے آراستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہوٹل کے 2 ریسٹورنٹس کا آج افتتاح کیا گیا، انہوں نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت پر قائمقام صدر مملکت سید یوسف رضا گیلانی کا شکریہ ادا کیا۔