ایس ای سی پی نے میوچل اور پنشن فنڈز کے لئے ریگولیٹری اصلاحات پر سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا آغاز کردیا

جمعرات 6 فروری 2025 22:51

ایس ای سی پی نے میوچل اور پنشن فنڈز کے لئے ریگولیٹری اصلاحات پر سٹیک ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 فروری2025ء) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)نے میوچل فنڈز ایسوسی ایشن آف پاکستان ( ایم یو ایف اے پی )، ایسیٹ مینجمنٹ کمپنیوں ( اے ایم سیز) اور پنشن فنڈ منیجرز کے سینئر عہدیداران کے ساتھ ایک جامع مشاورتی اجلاس منعقد کیا۔ اس اجلاس کا بنیادی ایجنڈا نان بینکنگ فنانس کمپنیز اینڈ نوٹیفائیڈ اینٹٹیز ریگولیشنز 2008 میں مجوزہ ترامیم پر تبادلہ خیال کرنا تھا جس میں خاص طور پر ریٹیل سرمایہ کاروں کے لئے لاگت میں کمی پر توجہ مرکوز کی گئی۔

ایس ای سی پی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اجلاس کی صدارت چیئرمین ایس ای سی پی نے کی۔ اس کے ساتھ سپیشلائزڈ کمپنیز ڈویژن کے کمشنر، نگران ڈویژن کے کمشنر اور فنڈ مینجمنٹ، پنشن ڈویژن کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ایس ای سی پی نے اس سے قبل ایک مشاورتی دستاویز کے ذریعے عوامی آراء طلب کی تھیں جس کا مقصد اخراجات اور تقسیم کے نظام کو از سرِ نو ترتیب دے کر سرمایہ کاروں کی لاگت کو کم کرنا، بچت کے رجحان کو فروغ دینا، منافع کو بہتر بنانا اور کیپٹل مارکیٹس میں ریٹیل سرمایہ کاروں کی شمولیت کو بڑھانا تھا۔

اس عمل کے بعد ریگولیشنز میں مجوزہ ترامیم کا مسودہ 15 جنوری 2025 کو باضابطہ طور پر نوٹیفائی کیا گیا جس سے صنعت کے مزید مشاورتی مراحل کا آغاز ہوا۔اجلاس میں کیپٹل مارکیٹ میں حالیہ پیشرفت اور میوچل فنڈ انڈسٹری کے کیپٹل مارکیٹس کی ترقی میں اہم کردار پر بھی گفتگو کی گئی۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ ان اصلاحات کے نفاذ کے ذریعے ایس ای سی پی کا مقصد ایک زیادہ شفاف، موثر اور سرمایہ کار دوست میوچل اور پنشن فنڈ انڈسٹری قائم کرنا ہےجو معاشی ترقی کو سہارا دے اور مالیاتی نظام کو مضبوط بنائے۔