Live Updates

آئینی بنچ نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ کیخلاف عمران خان کی درخواست پر اعتراضات ختم کردیئے

بینچ کی رجسٹرار آفس کو آئینی درخواست کو باضابطہ نمبر الاٹ کرنے کی ہدایت ، جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں پانچ رکنی آئینی بینچ نے سماعت کی

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 7 فروری 2025 11:10

آئینی بنچ نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ کیخلاف عمران خان کی درخواست ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 فروری 2025)سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ کیخلاف بانی پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست پر اعتراضات ختم کردیئے،جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں پانچ رکنی آئینی بینچ نے سماعت کی۔ بینچ نے رجسٹرار آفس کو آئینی درخواست کو باضابطہ نمبر الاٹ کرنے کی ہدایت کر دی،بانی پی ٹی آئی کی جانب سے شعیب شاہین عدالت پیش ہوئے،دوران سماعت عدالت نے درخواست قابل سماعت ہونے سے متعلق دلائل طلب کرتے ہوئے ریمارکس میں کہا کہ بتایا جائے ترامیم کیخلاف پہلے ہائیکورٹ سے رجوع کیوں نہیں کیا گیا؟۔

وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ آفیشل سیکریٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ ترامیم سے لوگوں کے حقوق متاثر ہو رہے ہیں۔جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دئیے کہ سپریم کورٹ آرٹیکل 184/3 میں قوانین کے خلاف درخواستیں مرضی سے ہی سنتی رہی ہے۔

(جاری ہے)

جو کیس دل کیا سن لیا جو نہ دل کیا کہہ دیا پہلے ہائی کورٹ جائیں،۔براہ راست درخواستیں سنتے رہے تو آرٹیکل 199 غیر مو¿ثر ہو جائے گا۔

وکیل بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ ترامیم سے لوگوں کے حقوق متاثر ہو رہے ہیں۔ درخواست قابل سماعت ہے یا نہیں یہ فیصلہ رجسٹرار نہیں عدالت کر سکتی ہے۔بعدازاں آئینی بنچ نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ میں ترامیم کیخلاف عمران خان کی درخواست پر عائد اعتراضات کالعدم قرار دے دیئے اور رجسٹرار آفس کو آئینی درخواست کو باضابطہ نمبر الاٹ کرنے کی ہدایت کر دی۔

آئینی بینچ نے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کرتے ہوئے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل بھی طلب کر لئے۔خیال رہے کہ سپریم کورٹ کے آئینی بنچ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ کیخلاف دائر درخواستیں سماعت کیلئے مقررکردی گئی تھیں۔یہ بھی بتایاگیاتھا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے آئینی بینچ کے سربراہ جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 6رکنی آئینی بینچ 7 فروری کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست پر سماعت کرے گا۔بانی پی ٹی آئی عمران خان نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ کو خلاف آئین قرار دیتے ہوئے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات