1 سال میں ہم نے اپنا سب کچھ گنوا دیا، 40 سال سے ملک تباہی کی جانب گامزن ہے

ہم دنیا سے بہت پیچھے جا چکے، پاکستان میں جمہوریت کا مستقبل خراب ہے، نواز شریف کے پرانے ساتھی سردار مہتاب عباسی کا پیغام

muhammad ali محمد علی جمعہ 7 فروری 2025 21:05

1 سال میں  ہم نے اپنا سب کچھ گنوا دیا، 40 سال سے ملک تباہی کی جانب گامزن ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 7 فروری 2025ء ) نواز شریف کے پرانے ساتھی سردار مہتاب عباسی کا کہنا ہے کہ 1 سال میں ہم نے اپنا سب کچھ گنوا دیا، 40 سال سے ملک تباہی کی جانب گامزن ہے، ہم دنیا سے بہت پیچھے جا چکے، پاکستان میں جمہوریت کا مستقبل خراب ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ سال ہونے والے عام انتخابات کو ایک سال مکمل ہونے پر سابق گورنر خیبرپختونخواہ اور نواز شریف کے پرانے ساتھی سردار مہتاب عباسی کی جانب سے اپنے ردعمل میں کہا گیا ہے کہ اس ایک سال میں ہم نے اپنا سب کچھ گنوا دیا ہے۔

اس وقت ہم دنیا سے بہت پیچھے جا چکے ہیں، 40 سال سے ملک تباہی کی جانب گامزن ہے۔ سابق گورنر خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ ملک میں 9 مئی سے لے کر 8 فروری تک تباہی ہوئی، سیاسی جماعتوں نے اپنی جگہ اور اعتماد کھو دیا ہے۔

(جاری ہے)

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوریت کا مستقبل خراب ہے، نوجوان انتظار کرسکتے ہیں لیکن ہمارے سامنے جمہوریت کا آنا مشکل ہے۔

جبکہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ 9 مئی اور 8 فروری کو جو ہوا، اُس کے نقصان کا اندازہ نہیں لگا سکے۔ ابھی تقریب میں آیا تو سی ایس ایس کرنے والے بچے ملے، جو سمجھتے ہیں کہ 2024 کا رزلٹ ہی نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ سی ایس ایس رزلٹ نہ آنے پر طلباء عدالت گئے، 26ویں ترمیم کے بعد طلبا کو عدالت سے بھلا کیا انصاف ملے گا۔ سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ 9 مئی اور 8 فروری میں جو ہوا اس کے نقصان کا اندازہ نہیں لگا سکتے۔