اسلام آباد سے سعودیہ جانے والے مسافر کے کپڑوں میں جذب 9 کلو سے زائد آئس برآمد

ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 5 کارروائیوں میں 4 ملزمان کو گرفتار کرکے ایک کروڑ سے زائد مالیت کی 18 کلو 866 گرام منشیات برآمد کرلی گئیں

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 8 فروری 2025 12:50

اسلام آباد سے سعودیہ جانے والے مسافر کے کپڑوں میں جذب 9 کلو سے زائد آئس ..
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 فروری2025ء ) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے مسافر کے کپڑوں میں جذب 9 کلو 478 گرام آئس برآمد کرلی۔ تفصیلات کے مطابق اے این ایف کی جانب سے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 5 مختلف کارروائیوں میں 4 ملزمان کو گرفتار کرکے ایک کروڑ سے زائد مالیت کی 18 کلو 866 گرام منشیات برآمد کرلی گئیں۔

اس حوالے سے ترجمان اے این ایف نے بتایا کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے جدہ جانے والے مسافر کے کپڑوں میں جذب 9 کلو 478 گرام آئس برآمد ہوئی، اسی طرح دبئی جانے والے مسافر کے جوتوں میں چھپائی گئی 354 گرام چرس بھی پکڑی گئی جب کہ راولپنڈی میں واقع کوریئر کے ذریعے بحرین بھیجے جانے والے پارسل سے کچن کے سامان میں چھپائی گئی 934 گرام آئس برآمد ہوئی اور جھنگ میں ملو موڑ کے قریب گاڑی کے خفیہ خانوں سے 8 کلو ہیروئن برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا، کریک ڈاؤن کے دوران ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی کارروائی کی گئی جہاں شیخ یوسف چوک کے قریب ملزم سے 100 گرام چرس برآمد کرکے اسے گرفتار کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

ادھر راولپنڈی پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف موثر کریک ڈاؤن جاری کرتے ہوئی7 ملزمان گرفتارکرکے 9 کلو سے زائد چرس برآمد کرلی، مندرہ پولیس نے ملزم شاویز سے 2 کلو 476 گرام چرس، ملزم عارف سے 1 کلو 238 گرام چرس برآمد کی، ٹیکسلا پولیس نے ملزم شاہد اقبال سے 1 کلو 660 گرام چرس، ملزم حمزہ سے 560 گرام چرس برآمد کی، دھمیال پولیس نے ملزم عدیل سے 1 کلو 260 گرام چرس، آراے بازار پولیس نے ملزم علی حمزہ سے 1 کلو 200 گرام چرس برآمد کی، صدر واہ پولیس نے ملزم شاہد سے 800 گرام چرس برآمد کی۔