آئندہ چند ماہ میں حکومت کوآئی ایم ایف اورجی ایس پی پلس کے جائزوں سے نمٹنا ہوگا،چیئر مین آل پاکستان کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن

ہفتہ 8 فروری 2025 22:38

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 فروری2025ء) چیئر مین آل پاکستان کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن چوہدری خالد محمود چیمہ،سینئر وائس چیئر مین خالد عزیز مخی،سابق چیئر مین چوہدری محمد نواز ،چوہدری جاوید صادق کاہلوں نے کہا ہے کہ آئندہ چند ماہ میں حکومت کوآئی ایم ایف اورجی ایس پی پلس کے جائزوں سے نمٹنا ہوگا۔آئی ایم ایف کا جائزہ ملکی معیشت کے لئے جبکہ یورپی یونین کا جائزہ برآمدات بچانے کے ضروری ہے۔

کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کا مشن اس ماہ کے آخریا اگلے ماہ کے شروع میں متوقع ہے جومجموعی معاشی صورتحال اوراپنی شرائط پرعمل درآمد کا جائزہ لے گا ۔ آئی ایم ایف کے ماہرین کی جانب سے نجکاری اورٹیکس اہداف میں ناکامی پرتحفظات کا امکان ہے تاہم پاکستان کوکچھ بحث مباحثے اوریقین دہانیوں کے بعد ایک ارب ڈالرکی قسط مل جائے گی۔

(جاری ہے)

آئی ایم ایف کی جانب سے معاشی استحکام پرزوردیا جائے گا جبکہ تیزی سے اقتصادی ترقی کی حوصلہ شکنی کی جائے گی کیونکہ ماضی میں جب بھی ایسی کوشش کی گئی ہے تواسکا نتیجہ بحران کی صورت میں نکلا ہے۔ آئی ایم ایف کے جائزے کے بعد دوسرا بڑا چیلنج یورپی یونین کی جانب سے جی ایس پی پلس کی سہولت کا جائزہ ہوگا جس نے صنعتکاروں کوپریشان کیا ہوا ہے۔