ایف جی کالج گوجرانوالہ کی ٹیم نے منگلا کی ٹیم کو 4 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے کر چیمپئن شپ اپنے نام کر لی

اتوار 9 فروری 2025 15:45

کھاریاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 فروری2025ء)ایف جی ڈگری کالج برائے طلبا کھاریاں کینٹ کے فٹ بال کے گرائونڈ میں ایف جی ای آئیز فٹ بال چیمپیئن شپ 2025 زونل لیول کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔سیمی فائنل میچ میں ایف جی کالج منگلا اور ایف جی کالج کھاریاں کی ٹیمیں مدمقابل تھیں۔دونوں ٹیموں نے بھرپور کھیل پیش کرتے ہوئے ایڑھی چوٹی کا زور لگایا لیکن مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

میچ کا فیصلہ پینلٹی ککس پر ہوا جس میں منگلا کی ٹیم نے کھاریاں کی ٹیم کوایک دلچسپ مقابلے کے بعد شکست دے دی۔ چمپئین شپ کے فائنل میچ میں منگلا کالج اور گوجرانولہ کالج کی ٹیمیں مدمقابل ہوئیں۔فائنل میچ کا فیصلہ بھی پینلٹی ککس پر ہوا جس میں ایف جی کالج گوجرانوالہ کی ٹیم نے منگلا کی ٹیم کو 4 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے کر چیمپئن شپ اپنے نام کر لی۔

(جاری ہے)

میچ کے اختتام پر ریجنل ڈائریکٹر ایف جی ای آئیز کھاریاں ریجن لیفٹیننٹ کرنل راحیل مطلوب نے دونوں ٹیموں میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔ریجنل ڈائریکٹر نے فٹ بال میچز کے بہترین انتظامات پر پرنسپل کالج ہذا پروفیسر محمد اسجد اور میچ کے تمام منتظمین کے انتظامات کو سراہا اور اس قسم کی سرگرمیوں کو طلبا کی تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ طلبا کی ذہنی اور جسمانی نشوونما کے لیے موثر قرار دیا۔

متعلقہ عنوان :