فخر زمان 300 سے زیادہ رنز کے ہدف کے تعاقب میں بہترین بیٹنگ اوسط کے حامل بیٹر بن گئے

34 سالہ بیٹر سہ ملکی سیریز کے پہلے مقابلے میں 69 گیندوں پر 7 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 84 رنز کی عمدہ باری کھیل کر پوویلین لوٹے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 9 فروری 2025 17:19

فخر زمان 300 سے زیادہ رنز کے ہدف کے تعاقب میں بہترین بیٹنگ اوسط کے حامل ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 فروری 2025ء ) قومی ٹیم کے اوپننگ بیٹر فخر زمان 300 سے زیادہ رنز کے ہدف کے تعاقب میں بہترین بیٹنگ اوسط کے حامل بیٹر بن گئے ہیں ۔ 
فخر زمان سہ ملکی سیریز کے پہلے مقابلے میں 69 گیندوں پر 7 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 84 رنز کی عمدہ باری کھیل کر پوویلین لوٹے۔
34 سالہ فخر زمان اب 300 سے بڑے ہدف کے تعاقب میں سب سے زیادہ (87.6) اوسط کے مالک بیٹر بن گئے ہیں ۔

اس فہرست میں دوسرا نمبر انگلینڈ کے جیسن روئے کا ہے جنہوں نے 62.3 کی اوسط سے رنز بنائے۔ ویرات کوہلی 61.6 کی اوسط سے رنز سکور کرکے تیسرے، اے بی ڈی ویلیئرز 61.3 کی اوسط کے ساتھ چوتھے، جونی بیئرسٹو 59.1 کی اوسط کے ساتھ رنز بنا کر پانچویں جب کہ کین ولیمسن 59.0 کی اوسط سے رنز سکور کرکے چھٹے نمبر پر ہیں۔

(جاری ہے)

 

یاد رہے کہ سہ ملکی سیریز کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 78 رنز سے شکست دے دی۔

قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 330 رنز بنائے۔ گلین فلپس 106 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے، ڈیرل مچل 81 رنز اور کین ولیمسن 58 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3، ابرار احمد نے دو اور حارث روف نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

 
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم 48 ویں اوور میں 254 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے فخر زمان 84 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ سلمان آغا 40، طیب طاہر 30، کامران غلام 18، خشدل شاہ 15، نسیم شاہ 13، شاہین شاہ آفریدی 10، بابر اعظم 10جبکہ کپتان محمد رضوان 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ حارث رؤف انجری کے باعث بیٹنگ کرنے نہیں آسکے۔ ابرار احمد 25 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔ 
نیوزی لینڈ کی جانب سے کپتان مچل سینٹنر اور میٹ ہینری نے 3، 3 جبکہ مائیکل بریسویل 2 اور گلین فلپس نے 1 وکٹ لی۔