بارشیں برسانے والا سسٹم پنجاب میں داخل ہو گیا

اسلام آباد سمیت ملک کے کئی علاقوں میں بارش ہونے کی پیشن گوئی، پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی ہونے کا امکان

muhammad ali محمد علی پیر 10 فروری 2025 23:50

بارشیں برسانے والا سسٹم پنجاب میں داخل ہو گیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 فروری2025ء) بارشیں برسانے والا سسٹم پنجاب میں داخل ہو گیا، اسلام آباد سمیت ملک کے کئی علاقوں میں بارش ہونے کی پیشن گوئی، پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی ہونے کا امکان ۔ تفصیلات کے مطابق فروری کے دوسرے ہفتے کا اختتام قریب آنے پر پنجاب میں موسم پھر سے قدرے سرد ہو جانے کا امکان ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب میں بارشوں کے نئے سلسلے کے آغاز کا امکان ہے، جو موسم مزید سرد ہو جانے کا باعث بنے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بادل برسانے والا سسٹم داخل ہو گیا ہے، اس سسٹم کے باعث اسلام آباد میں بھی بارش کا امکان ہے۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ لاہور اور سیالکوٹ کے گرد و نواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہوائوں کے ساتھ ہلکی بارش،بوندا باندی کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

ملک بھر میں موسم کی صورتحال کے حوالے سے محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق شمال مغربی بلوچستان ، بالائی خیبر پختونخواہ ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری کی توقع ہے۔ ملک کے سیاحتی مقامات مری، گلیات ، گرد و نواح اور سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔

ملک میں ان دنوں سب سے زیادہ سردی گلگت بلتستان میں پڑ رہی ہے۔ گزشتہ روز کم درجہ حرارت لہہ منفی 12، سکردو، استور، گوپس منفی 6، کالام منفی 5، ہنزہ منفی 4، بگروٹ، گلگت میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔