رضوان اور سلمان آغا نے ون ڈے کرکٹ کی 54 سالہ تاریخ کا شاندار ریکارڈ اپنے نام کرلیا

کراچی کے میدان پر تاریخ رقم ، پاکستان نے اپنی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف حاصل کر لیا، کپتان اور نائب کپتان کی شاندار سنچریاں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 12 فروری 2025 22:30

رضوان اور سلمان آغا نے ون ڈے کرکٹ کی 54 سالہ تاریخ کا شاندار ریکارڈ اپنے ..
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12 فروری 2025ء ) کراچی کے میدان پر تاریخ رقم، پاکستان نے اپنی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف حاصل کر لیا، سلمان آغا اور محمد رضوان ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا منفرد ترین ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ 
سہ ملکی سریز کے اہم میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ 
نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلےگئے میچ میں جنوبی افریقا نے پہلےکھیلتے ہوئے پاکستان کو 353 رنز کا ہدف دیا جو قومی ٹیم نے محمد رضوان اور سلمان آغا کی شاندار سنچریوں کی بدولت 4 وکٹوں کے نقصان پر 49 اوور میں پورا کرلیا۔

 سلمان آغا اور رضوان ہدف کے تعاقب میں چوتھی وکٹ پر 250 رنز کی پارٹنر شپ بنانے والی پہلی جوڑی بن گئے۔ 
اس سے قبل جنوبی افریقا کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 352 رنز اسکور کیے۔

(جاری ہے)

پروٹیز کی جانب سے ہینرک کلاسن 87 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ میتھیو بریٹز کے 83، کپتان ٹیمبا بووما 82، ٹونی ڈی زورزی 22 اور وائن مُلڈر 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کائل ویرائن 44 اور کوربن بوش 15 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 2 جبکہ خوشدل شاہ اور نسیم شاہ نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔ 
جنوبی افریقی کپتان ٹمبا باوما نے کہا کہ ٹیم میں 4 تبدیلیاں کی گئی ہیں، پہلے میچ میں شکست سے سیکھا ہے، نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا تھا، آج بھرپور ٹیم کیساتھ میزبان پر اٹیک کریں گے۔

اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقا کے خلاف اسکواڈ میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، مڈل آرڈر بیٹر کامران غلام کی جگہ سعود شکیل جبکہ حارث رؤف کی جگہ اسکواڈ میں فاسٹ بولر محمد حسنین کو شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میچ میں کامیابی کی کوشش کریں گے تاکہ ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنائیں۔ پاکستان کا سکواڈ محمد رضوان (کپتان)، فخر زمان، بابراعظم، سلمان آغا، سعود شکیل، طیب طاہر، خوشدل شاہ، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، محمد حسنین اور ابرار احمد پر مشتمل ہے۔