زرمبادلہ ذخائر میں کروڑوں ڈالرز کی بڑی کمی ہو گئی

زرمبادلہ کے سرکاری ذخائرگزشتہ ہفتے کے دوران 25 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی کمی سے 11 ارب 16 کروڑ ڈالر کی سطح پر آگئے

muhammad ali محمد علی جمعہ 14 فروری 2025 21:21

زرمبادلہ ذخائر میں کروڑوں ڈالرز کی بڑی کمی ہو گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 فروری2025ء) زرمبادلہ ذخائر میں کروڑوں ڈالرز کی بڑی کمی ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق زرمبادلہ کے سرکاری ذخائرگزشتہ ہفتے کے دوران 25 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی کمی سے 11 ارب 16 کروڑ ڈالر کی سطح پر آگئے۔ اسٹیٹ بینک نے زرمبادلہ کے ذخائر سے متعلق ہفتہ وار اعدادوشمار جاری کردیے، جن کے مطابق 7 فروری کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر میں 25 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر کی مالیت 11 ارب 16 کروڑ 66 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئی۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق کمرشل بینکوں کے پاس 4 ارب 69 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کے ذخائر موجود ہیں، اس طرح 7 فروری کو زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر کی مالیت 15 ارب 86 کروڑ 26 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ملکی کرنسی مارکیٹ میں روپے کی قدر میں گراوٹ کے سلسلے کو جمعہ کے روز بریک لگ گئی۔ جمعہ کے روز انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے تمام دورانیے میں ڈالر تنزلی سے دوچار رہا جس سے ایک موقع پر ڈالر کی قدر 24پیسے کی کمی سے 279روپے 02پیسے کی سطح پر بھی آگئی۔

اس دوران معیشت میں طلب بڑھنے سے کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر 06پیسے کی کمی سے 279روپے 20پیسے کی سطح پر بند ہوئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 03پیسے کی کمی سے 281روپے 07پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔