پاکستان کو ایک اور فائنل میں شکست

نیوزی لینڈ نے تین ملکی سیریز جیت لی، گرین شرٹس نے ٹام لیتھم کو 4 مواقع دیکر کیویز کا کام آسان کردیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 14 فروری 2025 21:34

پاکستان کو ایک اور فائنل میں شکست
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 14 فروری 2025ء ) پاکستان کو ایک اور فائنل میں شکست، نیوزی لینڈ نے تین ملکی سیریز جیت لی ۔
کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں قومی ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا، اوپنر فخر زمان 10، سعود شکیل 8 اور بابراعظم 29 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ 
ابتدائی تین وکٹیں 54 رنز پر گرنے کے بعد محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور دونوں کے درمیان 88 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی تاہم 142 کے مجموعی اسکور پر محمد رضوان بھی 46 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، سلمان علی آغا 161 کے مجموعی اسکور پر 45 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

 
طیب طاہر 38 ، خوشدل شاہ 7 اور شاہین آفریدی ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ فہیم اشرف 22 اور نسیم شاہ 19 رنز بناسکے، ابرار احمد ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

(جاری ہے)

 

نیوزی لینڈ کی جانب سے ول او رورک نے 4، مائیکل بریسویل اور مچل سینٹنر نے 2، 2، ناتھن اسمتھ اور جیکب ڈفی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
243 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کا آغاز بھی اچھا نہ تھا اور دوسرے اوور میں ول ینگ 5 رنز بنا کر نسیم شاہ کا شکار بنے۔

اس کے بعد دوسری وکٹ پر کین ولیمسن اور کونوے نے ذم دارانہ بیٹنگ کی تاہم 76 کے مجموعی اسکور پر ولیمسن 34 رنز بناکر بولڈ ہوگئے۔ کونوے بھی 48 رنز بناکر یویلین لوٹ گئے۔ 
مچل اور لیتھم نے بھی شاندار اننگز کھیلیں اور ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ اس دوران ٹوم لیتھم کو دو اوورز میں دو چانس ملے، ابرار نے ٹوم لیتھم کو ایل بی ڈبلیو تو کیا لیکن ری ویو نہیں لیا، اس کے بعد اگلے ہی اوور میں شاہین لیتھم کا کیچ نہ کرسکے۔

مچل اور لیتھم بالترتیب 57 اور 56 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 
نیوزی لینڈ نے 46 ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا اور یوں سہ فریقی سیریز میں گرین شرٹس کو شکست دی۔ 
 پاکستان کے نسیم شاہ نے 2، شاہین، ابرار اور سلمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی میچ فتح کو یقینی بنائیں اور ٹرافی اپنے نام کریں۔

محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے محمد حسنین کی جگہ فہیم اشرف کو موقع دیا گیا ہے۔ اس موقع پر نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنز نے کہا کہ اوپنر راچن رویندرا کی جگہ لوکی فرگوسن کو پلئینگ الیون میں شامل کیا ہے، کوشش ہے میزبان ٹیم کی ابتدائی وکٹیں جلد حاصل کرکے پریشر بڑھائیں۔