سیہون جانیوالے زائرین کی گاڑیوں کو حادثات، 16 افراد جاں بحق، 25 زخمی

ہفتہ 15 فروری 2025 16:48

نواب شاہ/رانی پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2025ء)سندھ کے علاقوں رانی پور اور قاضی احمد میں پنجاب سے سیہون آنیوالی زائرین کی گاڑیوں کو حادثات میں 16 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہوگئے، متعدد کی حالت تشویشناک ہے، ہلاکتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔پولیس کے مطابق رانی پور قومی شاہراہ پر پنجاب سے سیہون جانیوالی مسافر بس الٹ گئی، حادثے میں 10 مسافر جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے۔

پولیس حکام نے بتایاکہ زخمیوں کو گمبٹ اور مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا،جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔پولیس کے مطابق حادثہ حضرت لعل شہباز قلندر کے عرس پر آنیوالے زائرین کی گاڑی کو تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔زائرین کی گاڑی کو دوسرا حادثہ قاضی احمد میں پیش آیا، واقعے میں 6 افراد جاں بحق اور دس زخمی ہوگئے، گاڑی بورے والا سے سیہون آرہی تھی۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق حادثہ قاضی احمد آمری روڈ پر پیش آیا، زائرین سہیون شریف حضرت لعل شہباز قلندر کے عرس میں شرکت کیلئے آ رہے تھے۔پولیس حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں بورے والا سے تعلق رکھنے والے بابر شاہ، ظفر شیخ، مزمل شیخ اور معراج شیخ شامل ہیں۔جاں بحق اور زخمیوں کو تحصیل قاضی احمد اور نواب شاہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔پولیس کے مطابق 8 زخمیوں کو انتہائی تشویشناک حالت میں پی ایم یو اسپتال نوابشاہ ریفر کردیا گیا ہے۔زائرین بذریعہ ٹرین پنجاب سے نواب شاہ پہنچے تھے اور کرائے کی وین کرواکر سہون شریف جا رہے تھے کہ حادثہ پیش آیا۔