امارات کے ریزیڈنس پرمٹ سے متعلق گائیڈلائنز جاری

رہائشی اجازت نامے کیلئے درخواست کا عمل آسان بنا دیا گیا، متعلقہ حکام نے نئے اجازت نامے، تجدید یا ترمیم کے لیے درخواست دینے کے اقدامات واضح کر دیئے

Sajid Ali ساجد علی منگل 18 فروری 2025 14:53

امارات کے ریزیڈنس پرمٹ سے متعلق گائیڈلائنز جاری
ابوظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 فروری 2025ء ) متحدہ عرب امارات کے حکام نے گائیڈ لائنز میں ریزیڈنس پرمٹ حاصل کرنے کے طریقہ کار کی وضاحت کردی۔ گلف نیوز کے مطابق وفاقی اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹ سیکیورٹی (آئی سی پی) نے رہائشی اجازت نامے جاری کرنے، تجدید اور اس میں ترمیم کرنے کے طریقہ کار اور اقدامات کی وضاحت کی ہے، یہ اقدام متحدہ عرب امارات کی ڈیجیٹل خدمات اور آٹومیشن کے عزم کے مطابق ہے۔

اس حوالے سے اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ پرمٹ جاری کروانے، اس میں تجدید یا ترمیم کے لیے درخواست دینے کے لیے اتھارٹی کی ویب سائٹ یا سمارٹ ایپ کے ذریعے یو اے ای پاس کا استعمال کرتے ہوئے اکاؤنٹ میں لاگ ان کرنا ضروری ہے، اس کے بعد درخواست دہندہ کو اس فرد کا انتخاب کرنا ہوگا جس کے لیے سروس کی درخواست کی جارہی ہے، پھر مطلوبہ سروس کا انتخاب کرنا چاہیئے، ڈیٹا کا جائزہ لے اور اگر ضروری ہو تو اسے اپ ڈیٹ کرے، اس کے بعد قابل اطلاق فیس کی ادائیگی مکمل کرنا ہوگی۔

(جاری ہے)

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ رہائشی اجازت نامے کے اجراء کی تصدیق درخواست میں رجسٹرڈ پتے پر ای میل کے ذریعے بھیجی جاتی ہے، رہائش کی درخواست سے وابستہ ایمریٹس آئی ڈی کو حتمی قدم کے طور پر منظور شدہ کورئیر کمپنیوں کے ذریعے پہنچایا جاتا ہے، رہائشی اجازت نامہ جاری کرنے کی سروس آئی سی پی کے ذریعہ فراہم کردہ نیا رہائشی اجازت نامہ جاری کرنے کی اجازت دیتی ہے، درخواستیں کسٹمر ہیپی نیس سینٹرز میں سرکاری کام کے اوقات کے دوران جمع کروائی جاسکتی ہیں اس کے علاوہ سمارٹ سروسز سسٹم (ویب سائٹ اور سمارٹ ایپ) پر یہ سہولت 24/7 دستیاب ہے، تاہم اس سے مستفید ہونے کے لیے یو اے ای پاس کا استعمال کرتے ہوئے لاگ ان کرنا لازمی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ یہ سروس غیر ملکی پیشہ ور افراد اور لیبر فورس کے لیے نیا رہائشی اجازت نامہ جاری کرنا آسان بناتی ہے، درخواست دہندگان کو اپنی درخواستیں منتخب سروس چینل کے ذریعے جمع کرانی ہوں گی اور اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ تمام مراحل مکمل ہو گئے ہیں، ان مراحل میں درخواست کے ڈیٹا کا جائزہ لینا ضروری ہو تو اسے اپ ڈیٹ کرنا، اگر متعلقہ ڈیٹا شو نہ ہورہا ہو تو ضروری دستاویزات کو منسلک کرنا ہوگا، قابل اطلاق فیس کی ادائیگی، دستیاب چینلز کے ذریعے اپنی درخواست کا سراغ لگانا، درخواست جمع کرانے سے زیادہ سے زیادہ 48 گھنٹوں کے اندر حتمی آؤٹ پٹ وصول کرنا شامل ہیں۔