طالبات تعلیم کے بل بوتے پر آگے بڑھیں اور ملک کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں، گورنر پنجاب

جمعرات 20 فروری 2025 21:37

طالبات تعلیم کے بل بوتے پر آگے بڑھیں اور ملک کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ..
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2025ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ ملک کی 64 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جن کو اللہ تعالیٰ نے تمام صلاحیتوں سے نوازا ہے ،ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کی درست سمت میں رہنمائی کی جائے، بچیاں ہمارے ملک کا اصل مستقبل ہیں، یہ اپنی تمام تر توجہ حصول علم پر مرکوز رکھیں، دین اسلام ماں کی گود سے قبر کی دیوار تک علم حاصل کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع سیالکوٹ کے دور افتادہ دیہات وڈالہ سندھواں میں رحمن فری ڈائیلسز سنٹر اور بیسٹ نیشن فری آئی ٹی انسٹی ٹیوٹ کے افتتاح کے بعد گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول کی طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق اراکین صوبائی اسمبلی شاہد محمود بٹ، شہلا شاہد ایڈووکیٹ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اور ایجوکیشن اتھارٹی کے مقامی حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ہماری بیٹیوں کو میدان تعلیم مکمل لڑکوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہیں جبکہ لڑکے مقابلے سے ہی باہر ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا طالبات تعلیم کے بل بوتے پر آگے بڑھیں اور ملک کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں، تعلیم اور ڈگریاں بہت ضروری ہیں تاہم کردار اس سے زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی کردار سازی پر خصوصی توجہ دیں۔

گورنر پنجاب نےگورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول وڈالہ سندھواں کو ڈگری کالج بنانے کیلئے شاہد محمود بٹ کے مطالبہ پر کہا کہ وہ اس عظیم مقصد میں ان کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ سکول کیلئے کروڑوں روپے مالیت کی زمین دینے پر شاہد محمود بٹ کا جذبہ قابل تعریف ہے۔