حکومت نے بجلی کے نرخوں میں کمی کیلئے نیا منصوبہ تیار کرلیا

بنیادی ٹیرف میں 8 سے 10 روپے فی یونٹ تک کمی کی جائے گی اور گردشی قرضے کے حجم کو ختم کیا جائے گا، منصوبے کے تحت، قرضوں کی ادائیگی میں 1.3 کھرب روپے کی کمی سے پیدا ہونے والی مالی گنجائش کو استعمال کیا جائے گا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 21 فروری 2025 11:44

حکومت نے بجلی کے نرخوں میں کمی کیلئے نیا منصوبہ تیار کرلیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21فروری 2025)حکومت نے بجلی کے نرخوں میں کمی کیلئے نیامنصوبہ تیار کرلیا، بنیادی ٹیرف میں 8 سے 10 روپے فی یونٹ تک کمی کی جائے گی اور گردشی قرضے کے حجم کو ختم کیا جائے گا،حکومت نے یہ اقدام ٹیکسوں میں کمی کے منصوبے کو آئی ایم ایف کی جانب سے مسترد کئے جانے کے بعداٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس حوالے سے اعلیٰ سرکاری ذریعے نے دی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ اس دستیاب مالی گنجائش کا ایک بڑا حصہ، تقریباً ایک کھرب روپے، گردشی قرضے کے ذخائر کو ختم کرنے کیلئے استعمال کیا جائے گا۔

منصوبے کے تحت، قرضوں کی ادائیگی میں 1.3 کھرب روپے کی کمی سے پیدا ہونے والی مالی گنجائش کو استعمال کیا جائے گا تاکہ بجلی کے شعبے میں جاری مالی نقصانات کو حل کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

سرکاری ذرائغ کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کا جائزہ مشن آئندہ ماہ کی پہلی تاریخوں میں، یعنی 4 مارچ 2025 سے اسلام آباد کا دورہ کرے گا تاکہ 7 ارب ڈالر کے توسیعی فنڈ سہولت (EFF) کے پہلے جائزے پر مذاکرات کئے جا سکیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ شہر قائد کے بجلی صارفین کیلئے خوشخبری سنائی گئی تھی ۔کے الیکٹرک نے دسمبرکی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں تقریباً 5 روپے فی یونٹ کمی کی درخواست دی تھی۔نیپرا اتھارٹی درخواست اور ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے بعد حتمی فیصلہ کرے گی۔ نیپراکو دی گئی درخواست میں کے الیکٹرک نے بجلی کے نرخ میں فی یونٹ 4 روپے95 پیسے کمی کی استدعا کی گئی تھی۔

نیپرا کے الیکٹرک کی درخواست پر26 فروری کوسماعت کرے گی۔فیصلے سے صارفین کو4 ارب 94 کروڑ روپے سے زائد کا ریلیف ملنے کا امکان بتایا گیا تھا۔ قبل ازیں بھی ایک ماہ کیلئے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 1 روپے 3 پیسے تک کمی کا امکان بتایا گیا تھا۔اس حوالے سے سینٹرل پرچیزنگ پاور ایجنسی نے قیمت میں کمی کیلئے نیپرا کو درخواست دیدی تھی۔درخواست میں دسمبر کے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کمی مانگی گئی تھی۔جس میں کہا گیا تھاکہ دسمبر میں ڈسکوز کو 7 ارب 51 کروڑ 60 لاکھ یونٹس بجلی فراہم کی گئی تھی۔ دسمبر میں فی یونٹ بجلی کی فیول لاگت 9 روپے 60 پیسے رہی تھی۔ ماہ دسمبر میں لاگت کا تخمینہ 10 روپے 63 پیسے فی یونٹ تھا۔