Live Updates

مختلف شہروں میں پاک بھارت میچ بڑی سکرینوں پر لائیو دکھانے کی تیاریاں

جمعہ 21 فروری 2025 21:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2025ء) صوبائی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف شہروں میں کل ( اتوار ) کو دبئی میں کھیلے جانے والا پاک بھارت میچ لائیو دکھانے کے لئے بڑی سکرینیں لگائی جائیں گی ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے پانچویں میچ میں کل (اتوار )کو دبئی کے اسٹیڈیم میں ٹکرائیں گی ۔

جس کا دنیا بھر کے شائقین کرکٹ بے صبری سے انتظار کررہے ہیں۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں پاک بھارت میچ بڑی سکرین پر دکھانے کے لئے تیاریاں کی جا رہی ہیںاور شائقین کرکٹ پرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔ جبکہ سندھ حکومت نے بھی پاک بھارت میچ کے لئے کراچی سمیت سندھ بھر میں بڑی اسکرینیں لگانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس حوالے سے صوبائی وزیرکھیل محمد بخش مہر نے کہاکہ کراچی،حیدرآباد اورلاڑکانہ میں پاک بھارت میچ کے لیے اسکرین لگائی جائیں گی،گھوٹکی سمیت تیس اضلاع میں بھی پاک بھارت میچ لائیو دکھانے کا اہتمام کیا ہے۔

(جاری ہے)

کراچی میں سی ویو اورسندھ یوتھ کلب گلستان جوہرمیں بڑی اسکرین پرمیچ لائیو دکھایا جائیگا،حیدرآباد نیاز اسٹیڈیم، خیرپور ممتاز کرکٹ گرائونڈ اورٹنڈو محمد خان میں بھی پاک بھارت میچ لائیو دکھایا جائے گا۔ اس کے علاوہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی میچ کو بڑی سکرین پر دکھانے کے لئے تیاریاں جاری ہیں۔
Live چیمپئنز ٹرافی 2025 سے متعلق تازہ ترین معلومات