حکومت گلگت بلتستان کا سرکاری ادائیگیوں کو آسان اور شفاف بنانے کیلئے جی بی پے کا باضابطہ افتتاح

پیر 24 فروری 2025 21:10

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2025ء) گلگت بلتستان میں آسان مالی سہولت اور ڈیجیٹل طرز حکمرانی کی طرف اہم پیش رفت ہوئی ہے، جہاں حکومت گلگت بلتستان نے سرکاری ادائیگیوں کو آسان اور شفاف بنانے کیلئے جی بی پے کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے۔اس حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ تھے،جنہوں نے اس پلیٹ فارم کے آغاز کو سہولت اور شفافیت کے ایک نئے دور کا آغاز قرار دیا۔

اس موقع پر تین فریقی معاہدے پر بھی دستخط کئے گئے، جو اس منصوبے کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنائے گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سید مہدی شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام کے نفاذ سے حکومتی کارکردگی میں بہتری،ڈیجیٹل ادائیگی کو ترجیح دینے سمیت مالیاتی شفافیت کو فروغ ملے گا جس کا فائدہ حکومت اور عوام دونوں کو ہوگا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری خزانہ گلگت بلتستان عزیز جمالی نے تقریب میں جی بی پے کی اہمیت اور اس کے ذریعے ریونیو کلیکشن میں ہونے والی تبدیلیوں پر بریفنگ دی۔

انہوں نے اس منصوبے میں تعاون کرنے والے اداروں اور گلگت بلتستان حکومت کی کاوشوں کو سراہا۔ ڈائریکٹر جنرل اسٹیٹ بینک نے حکومتِ گلگت بلتستان کی اس ٹیکنالوجیکل کامیابی کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا جبکہ سی ای او 1-لنک نے اس پلیٹ فارم کے فوائد پر بھی روشنی ڈالی۔تقریب میں سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی نذیر احمد ایڈووکیٹ، وزیر خزانہ انجنیئر محمد اسماعیل، سیکرٹری خزانہ عزیز احمد جمالی، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ڈپٹی گورنر اور ڈائریکٹر فنانس جبکہ 1-لنک کے سی ای او، ودیگر نے بھی شرکت کی۔

واضح رہے کہ جی بی پے ایک جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے جو سرکاری بلوں اور محصولات کی ادائیگی کو آسان بناتا ہے۔ شہری اس پلیٹ فارم کے ذریعے بجلی کے بل، گاڑیوں کے ٹوکن، ٹریفک چالان اور دیگر سرکاری فیسوں جیسے مختلف ذرائع اے ٹی ایم، موبائل بینکنگ، انٹرنیٹ بینکنگ، کاؤنٹر سروسز اور ریٹیل ایجنٹس کے ذریعے ادا کر سکتے ہیں۔