ڈپٹی کمشنر باغ راجہ محمد صداقت خان نے گیاری چوک میں سستے رمضان بازار کا افتتاح کر دیا

پیر 3 مارچ 2025 17:22

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مارچ2025ء) ڈپٹی کمشنر باغ راجہ محمد صداقت خان نے گیاری چوک میں سستے رمضان بازار کا افتتاح کر دیا، افتتاحی تقریب میں ضلعی آفیسران و انجمن تاجران کے علاوہ عوام علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ سستے بازار میں شہر سے کم ریٹ پر اشیا خورد و نوش، سبزی فروٹ و دیگر اشیا دستیاب ہیں۔ سستے رمضان بازار کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر راجہ صداقت نے کہا کہ رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے انتظامیہ اور حکومت تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے عوام کو رمضان المبارک میں سستی اور معیاری اشیا فراہم کرنے کے لیے باغ کے مختلف مقامات پر سستے بازاروں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جہاں پر نا صرف اشیا سستی ہونگی بلکہ معیاری بھی ہونگی، پرائس کنٹرول کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر بازار وں کی چیکنگ کرے گی پرائس کنٹرول کمیٹی کیطرف سے طے کردہ ریٹس سے مغائر ریٹ لگانے والوں اور غیر معیاری، زائد المعیاد اشیا فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی، انہوں نے کہا کہ سستے بازاروں کے قیام کا مقصد عوام کو با عزت روز دینے کیساتھ ساتھ غریب لوگوں کو ریلیف دینا ہے عام آدمی کی زندگی کو آسان بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہے ہیں ضلعی انتظامیہ کے آفیسران رمضان المبارک میں ہمہ وقت بازار میں موجود رہیں گے انتظامیہ نے کنٹرول رومز قائم کر دیئے ہیں جن میں عوام غیر معیاری، زائد ریٹس اور زائد المعیاد اشیا سمیت دیگرشکایات درج کروا سکتے ہیں جس پر فوری طور پر انتظامیہ ایکشن لے گی اور ایسے عناصر جو غیر معیاری اور مقررہ ریٹس سے زائد ریٹ پر اشیا فروخت کر رہے ہونگے انکے خلاف فوری طور پر کاروائی کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے تاجران سے اپیل کی ہے کہ رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے تمام اشیا کے ریٹس کم کیے جائیں صرف جائز منافع لیا جائے اور عوام سے اپیل کی ہے کہ سستے بازاروں سے فائدہ اٹھائیں سستی اور معیاری اشیا کی خریداری کے لیے سستے بازار کا ویزٹ کریں دریں اثنا مجسٹریٹ باغ سہیل بشیر نے بھیک مانگنے والوں کیخلاف دفعہ 144 نافذ کر دیا خلاف ورزی کرنے کی صورت سخت کاروائی عمل میں لائی جاے گی -