بھارتی حکومت نے مزید 6 کشمیریوں کی جائیدادیں ضبط کر لیں

بھارت کشمیریوں کی آواز دبانے کیلئے کالے قوانین کا بے دریغ استعمال کر رہا ہے، حریت کانفرنس

جمعہ 7 مارچ 2025 18:04

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مارچ2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نئی دلی کے مسلط کردہ لیفٹیننٹ گورنر کے ماتحت انتظامیہ نے اپنے نوآبادیاتی ایجنڈے کو جاری رکھتے ہوئے مزید 6کشمیریوں کی جائیدادیں ضبط کر لی ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی پولیس نے ضلع بانڈی پورہ میںمحمد عبداللہ ملک ، فاروق احمد گنائی، عبدالرشید ، سرفراز احمد، محمد انور میر اور محمد یوسف کی تقریبا 2کروڑ81لاکھ روپے مالیت کی18 کنال سے زائد اراضی کالے قانون ’’یو اے پی اے‘‘ کے تحت ضبط کر لی ۔

قابض حکام کی طرف سے جاری کردہ حکم نامے میں ان جائیدادوں کی خرید و فروخت یا لیزدینے پر پابندی عائد کی گئی ہے ۔ مودی حکومت نے اگست 2019 میں مقبوضہ جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد سے اب تک سینکڑوں کشمیریوں کی جائیدادیں ضبط کر لی ہیں جسکا مقصد انہیں معاشی طورپر کمزور کرنا اور ضبط شدہ جائیدادیں غیر کشمیریوں کو دیکر مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنا ہے۔

(جاری ہے)

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں بھارت کی طرف سے کشمیریوں کے بنیادی حقوق کو کچلنے کے لیے کالے قوانین کے بے دریغ استعمال کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا ہر ادارہ کشمیریوں کے ساتھ انتہائی ظالمانہ برتائو روا رکھے ہوئے ہے اور ان کے بنیادی انسانی حقوق بری طرح پامال کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ جیسے کالے قوانین ختم نہیں کیے جاتے ،بھارتی فورسز اہلکاروں کے وحشیانہ مظالم کا سلسلہ بند نہیں ہوگا ۔ انہوں نے کشمیریوں کی املاک کی مسلسل ضبطی کی مذمت کرتے ہوئے اسے معاشی دہشت گردی قرار دیا ۔دریں اثنا، کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند سینئر رہنما شبیر احمد شاہ کی سربراہی میں قائم’’ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی ‘‘نے مودی حکومت اور مقبوضہ علاقے میں اس کی مسلط کردہ انتظامیہ کی طرف سے کشمیرکی تاریخ کو مسخ کرنے کی کوششوں کی مذمت کی۔

پارٹی کے ترجمان ایڈوکیٹ ارشد اقبال نے 13 جولائی 1931 کے شہدا کے بارے میں بی جے پی کے رہنما سنیل شرما کے توہین آمیز بیان کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ شہداء کشمیریوں کے حقیقی ہیرو ہیں جنہوں نے ڈوگرہ حکمران کے ظلم و جبر کے خلاف اور کشمیریوں کی عزت و قار کیلئے اپنی جانیں قربان کی ہیں۔