آئی سی سی آئی کے وفد کی وزیر ریلوے سے ملاقات، کابینہ میں شمولیت پر مبارکباد

ہفتہ 8 مارچ 2025 17:15

آئی سی سی آئی کے وفد کی وزیر ریلوے سے ملاقات، کابینہ میں شمولیت پر مبارکباد
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مارچ2025ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے وفد نے صدر ناصر منصور قریشی کی قیادت میں وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کو وفاقی کابینہ میں شمولیت پر مبارکباد دینے کے لیے ان کی رہائش گاہ کا دورہ کیا۔وفد میں سینئر نائب صدر عبدالرحمٰن صدیقی، چیئرمین فاؤنڈر گروپ طارق صادق، سابق صدور زبیر احمد ملک، عبدالرؤف عالم، خالد جاوید، میاں شوکت مسعود،شہبان خالد، سابق سینئر نائب صدر فاد وحید، سابق نائب صدر افتخار انور سیٹھی، ایگزیکٹیو ممبران اسحاق سیال،ذوالقرنین عباسی سابق ایگزیکٹو ممبر چوہدری وحید الدین اور آئی سی سی آئی کے صدر کے سینئر ایڈوائزر نعیم صدیقی شامل تھے۔

تاجر برادری کی جانب سے صدر ناصر منصور قریشی نے محمد حنیف عباسی کو پرتپاک مبارکباد پیش کی اور اس یقین کا اظہار کیا کہ کابینہ میں ان کی شمولیت سے معاشی ترقی، کاروبار میں آسانی اور تجارت و صنعت کے لیے بہتر سہولیات فراہم کرنے والی پالیسیاں سامنے آئیں گی۔

(جاری ہے)

محمد حنیف عباسی نے وفد کے دورے کو سراہتے ہوئے معیشت کے حقیقی انجن کے طور پر کاروباری برادری کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کاروباری برادری کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ کاروبار میں آسانی کے ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کی شراکت قومی اقتصادی ترقی کے لیے ان کے مضبوط عزم کی عکاسی کرتی ہے۔انہوں نے کاروباری برادری کے مسائل کو حل کرنے اور سازگار کاروباری ماحول پیدا کرنے کے لیے نجی شعبے اور حکومت کے درمیان پل کے طور پر کام کرنے پر آئی سی سی آئی کی قیادت کی تعریف کی۔آئی سی سی آئی کے وفد نے معاشی ترقی اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔