ڈائریکٹر جنرل نیب خیبرپختونخوا کی تعیناتی کیخلاف دائر درخواست، مختصر حکمنامہ جاری

فریقین نے عدالتی احکامات کو نظر انداز کرتے ہوئے درخواست گزار کا تبادلہ کیا، پشاور ہائیکورٹ

ہفتہ 8 مارچ 2025 17:16

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مارچ2025ء)ڈائریکٹر جنرل نیب خیبرپختونخوا کی تعیناتی کے خلاف دائر درخواست پرپشاور ہائیکورٹ نے گزشتہ سماعت کا مختصر حکم نامہ جاری کردیا۔پشاور ہائیکورٹ نے ڈائریکٹر انوسٹی گیشن نیب خیبرپختونخوا کا تبادلہ روکتے ہوئے نیب کا4فروری کا اعلامیہ معطل کردیا۔حکم نامے کے مطابق درخواست گزار نیب کے پی میں ڈائریکٹر انویسٹی گیشن تعینات ہے۔

درخواست گزار نے ڈی جی نیب کی تعیناتی کو ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ ڈی جی نیب تعیناتی چیلنج کرنے کے بعد درخواست گزار کو کے پی سے نیب راولپنڈی ٹرانسفر کیا گیا۔ 4فروری کو درخواست گزار کے خلاف ایک اور انکوائری شروع کی گئی۔مختصر حکم نامے کے مطابق 30جنوری کو عدالت نے فریقین کو درخواست گزار کے خلاف تادیبی کارروائی سے روکا تھا،عدالتی حکم کے باوجود فریقین نے 4فروری کو درخواست گزار کو راولپنڈی نیب تبدیل کردیا۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل کے مطابق عدالتی احکامات کے باوجود درخواست گزار کے خلاف تادیبی کارورائی کی گئی۔ نیب کے وکلا نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار نے راولپنڈی میں اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔ فریقین نے عدالتی احکامات کو نظر انداز کرتے ہوئے درخواست گزار کا تبادلہ کیا اور انکوائری بھی شروع کی۔ 4 فروری کے تبادلے کا اعلامیہ معطل کیا جاتا ہے۔حکم نامے کے مطابق درخواست گزار کو نیب خیبرپختونخوا میں کام کی اجازت دی جائے۔ فریقین درخواست گزار کے خلاف جاری انکوائری کا ختمی فیصلہ اگلی پیشی تک جاری نہ کریں۔