حکومت خواتین کو با اختیار و معاشی طور پر مستحکم بنانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، ملکی تعمیر و ترقی میں اقلیتوں کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ، رانا مشہود احمد خان

ہفتہ 8 مارچ 2025 23:16

حکومت خواتین کو با اختیار و معاشی طور پر مستحکم بنانے کیلئے ترجیحی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مارچ2025ء) چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں خواتین کو با اختیار اور معاشی طور پر مستحکم بنانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، ملکی تعمیر و ترقی میں اقلیتوں کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ، ڈاکٹر روتھ فاؤ دکھی انسانیت کیلئے مسیحا کا درجہ رکھتی تھیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو مقامی ہوٹل میں ڈاکٹر روتھ فاؤ ایوارڈ 2025 کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر فوکل پرسن رضوان احمد اورسہیل صادق سمیت مسیحی سماجی رہنمائوں ، صحافیوں و دیگر کی کثیر تعداد موجود تھی۔رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ حکومتی کوششوں سے ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہو چکی ہے ،پاکستان کی تقریبا ًنصف آبادی خواتین پر مشتمل اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر خواتین ونوجوانوں کو باوقار روزگار وکاروبار کی فراہمی کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پلان کے تحت نوجوانوں کو بلا تفریق مختلف شعبوں میں مہارت کی تربیت، انٹرن شپس، کاروباری معاونت اور ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل سکلز اور دیگر اہم شعبوں میں خصوصی تربیتی پروگرام بھی متعارف کروائے جا رہے ہیں، حکومت ملک کے باصلاحیت نوجوانوں کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پر عزم اور انہیں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے مساوی مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔

رانا مشہود احمد خان نے مزید کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایات پر حکومت خواتین کو بھی باوقاو روزگار اور اپنے کاروبار کے ذریعے با اختیار بنانے کے حوالے سے ٹھوس اقدامات بروئے کار لا رہی ہے ، جن میں گھریلو صنعت سے منسلک کاروباری خواتین کو کاروبار میں اضافے کیلئے سہولیات ، یوتھ لون اسکیم سے خواتین کو کم لاگت قرضوں وضروری تربیت کی فراہمی اور خواتین کے سہولت مراکز و تربیتی سینٹرز تک رسائی شامل ہیں ۔

رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ ملکی تعمیر و ترقی میں اقلیتوں کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ،حکومت اقلیتوں کے تحفظ اور ان کو بنیادی حقوق کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔ڈاکٹر روتھ فا ؤکو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر روتھ فا ؤکا مشن تھا کہ پاکستان کے کونے کونے میں جذام کے مریضوں کے لیے سینٹرز بنائے جائیں تاکہ انہیں علاج کی سہولیات باآسانی ان کے گھر کے قریب مل سکیں، وہ دکھی انسانیت کے لیے ایک مسیحا کا درجہ رکھتی تھیں ۔تقریب کے آخر میں چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے سماجی شعبوں میں شاندار خدمات سر انجام دینے والوں میں شیلڈ تقسیم کیں۔