کچھ معاملات میں سیاسی سمجھوتے کرنا پڑتے ہیں

عرفان صدیقی کا پرویز خٹک کی کابینہ میں شمولیت پر مؤقف

اتوار 9 مارچ 2025 11:40

کچھ معاملات میں سیاسی سمجھوتے کرنا پڑتے ہیں
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مارچ2025ء)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سینیٹر عرفان صدیقی نے سابق وزیر دفاع پرویز خٹک کی کابینہ میں شمولیت کے بارے میں کہا ہے کہ کچھ معاملات میں سیاسی سمجھوتے کرنا پڑتے ہیں، سیاست کیلئے حکمت عملی بنانا پڑتی ہے، مولانا فضل الرحمان مار دھاڑ والی جماعت کے ساتھ نہیں جائیں گے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ اپنی سیاست کیلئے بھی حکمت عملی بنانا پڑتی ہے، اس طرح کا معاملہ کوئی تاریخ میں پہلی بار نہیں ہوا ۔

انہوں نے کہا کہ ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے کہ غیرقانونی افغانوں کے انخلا ء کی کوئی نئی ڈیڈ لائن آئے گی یا نہیں ۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان مار دھاڑ کی سیاست نہیں کرتے ہیں، وہ 9 مئی کی سیاست نہیں کرتے، مولانا فضل الرحمان کبھی بھی ماردھاڑ والی جماعت کے ساتھ نہیں جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں نے پارلیمان میں کہا کہ اس بات کی تائید کی کہ اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈر جاری ہوئے تو انہیں پیش کیا جانا چاہیے، معاملہ اب استحقاق کمیٹی دیکھے گی۔

عرفان صدیقی نے کہا کہ ہمارے لیے یہ کوئی دلیل نہیں کہ یہ لوگ کل کیا کرتے رہے، مجھے آدھی رات کو دھکے دیتے ہوئے لے جایا گیا، میری بیوی اور بیٹی کو بھی دھکے لگے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امریکی اسلحہ پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہا ہے، غیرقانونی افغانوں کے انخلا ء کا معاملہ مشکل ہے، دہشتگردوں کو تو زبردستی دھکیلا جاسکتا ہے لیکن انہیں کیسے دھکیلیں ۔