ایران، روس اور چین کی بحری افواج مشترکہ فوجی مشقیں کریں گی

DW ڈی ڈبلیو اتوار 9 مارچ 2025 19:00

ایران، روس اور چین کی بحری افواج مشترکہ فوجی مشقیں کریں گی

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 09 مارچ 2025ء) ایرانی میڈیا کے مطابق باہمی تعاون کے فروغ کے لیے منگل کے روز سے ایران، روس اور چین کی بحری افواج ایران کے ساحل پر مشترکہ فوجی مشقیں کریں گی۔

حالیہ سالوں میں یہ تینوں ممالک خطے میں اس قسم کی مشقیں کرتے رہے ہیں۔ اور یہ تینوں ہی 'امریکی بالادستی‘ کا مقابلہ کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔

تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق منگل کو ان کی مشترکہ فوجی مشقیں خلیج عمان میں جنوب مشرقی ایران میں واقع چابہار کی بندرگاہ پر شروع ہوں گی۔

(جاری ہے)

تاہم اس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ میں ان مشقوں کی مدت واضح نہیں کی گئی ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ان مشقوں میں چینی، روسی اور ایرانی بحری افواج کے جنگی جہازوں کی ساتھ ساتھ ایران کی پاسداران انقلاب فورس کے جنگی جہازوں کے حصہ لینے کی بھی توقع ہے۔

تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ان مشقوں کا مقصد ''خطے میں سکیورٹی کو بہتر کرنا اور شریک ممالک کے درمیان کثیرالجہتی تعاون کو وسعت دینا ہے۔‘‘

مشقوں میں آزربائیجان، جنوبی افریقہ، عمان، قزاقستان، پاکستان، قطر، عراق، متحدہ عرب امارات اور سری لنکا بطور مبصرین شرکت کریں گے۔

م ا / ر ب (اے ایف پی)