شاہد آفریدی کا شاہین اور شاداب خان کو آرام دینے کا مطالبہ

پاکستان سیریز تو ویسے ہی ہار چکا ہے، اس لیے بہتر فیصلہ یہی ہوگا کہ باقی کھلاڑیوں کو بھی موقع دیا جائے : انٹرویو

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 24 مارچ 2025 12:53

شاہد آفریدی کا شاہین اور شاداب خان کو آرام دینے کا مطالبہ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 24 مارچ 2025ء ) سابق کرکٹ اسٹار شاہد آفریدی نے نیوزی لینڈ کیخلاف آخری ٹی 20 میچ میں شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان کو آرام دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میں کیویز نے تین ایک سے فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔ آخری میچ 26 مارچ کو ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے آخری میچ میں فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور نائب کپتان آل راؤنڈر شاداب خان کو آرام دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
شاہد آفریدی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آخری میچ میں بنچ پر بیٹھے کھلاڑیوں کو آزمایا جائے۔ اس میچ میں شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان کو آرام دیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

سابق اسٹار آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ پاکستان سیریز تو ویسے ہی ہار چکا ہے۔ اس لیے بہتر فیصلہ یہی ہوگا کہ باقی کھلاڑیوں کو بھی موقع دیا جائے۔
واضح رہے نیوزی لینڈ کے خلاف رواں سیریز کے کھیلے گئے چار ٹی 20 میچوں میں شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے۔ چوتھے میچ میں تو دونوں کرکٹرز نے بغیر کوئی وکٹ لیے 98 رنز مخالف ٹیم کو دیے تھے جب کہ بیٹنگ میں بھی کمال نہ دکھا سکے۔

4 میچز میں شاہین شاہ آفریدی نے 133 رنز دے کر صرف دو وکٹیں حاصل کیں جب کہ طویل عرصہ بعد بطور نائب کپتان ٹیم میں واپسی کرنے والے آل راونڈر شاداب خان نے 110 رنز دے کر صرف ایک وکٹ حاصل کی جب کہ بلے سے بھی وہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور تین اننگز میں صرف 30 رنز ہی بنا سکے۔