چین سمیت دیگر ممالک کا امریکی صدر کی جانب سے بھاری ٹیکس عائد کرنے پر مایوسی کااظہار

یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان جاری تجارتی کشیدگی کا حصہ ہے،چین،کہ امریکی ٹیرف کے باوجود امریکہ کے ساتھ اقتصادی معاہدے کیلئے پرعزم ہیں،یورپی یونین،ونلڈ ٹرمپ کے تازہ ترین محصولات عالمی معیشت کیلئے ایک بڑا دھچکا ہیں،یورپی کمیشن

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 3 اپریل 2025 11:57

چین سمیت دیگر ممالک کا امریکی صدر کی جانب سے بھاری ٹیکس عائد کرنے پر ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اپریل 2025)چین سمیت دیگر ممالک نے امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بھاری ٹیکس عائد کرنے پراپنے ردعمل میںامریکی صدر کے اس فیصلے پر مایوسی کااظہارکیا ہے ،ان کا کہنا ہے کہ امریکی عوام ان کی قیمت چکائیں گے،غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کئی ممالک پر بھاری ٹیکس عائد کرنے پر اپنے ردعمل میں چین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان جاری تجارتی کشیدگی کا حصہ ہے۔

چین نے کہا کہ وہ اپنے مفادات کے تحفظ کیلئے اقدامات کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔چین نے مطالبہ کیا کہ امریکہ ٹیرف میں کمی کرے اور اس کے بجائے بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرے۔تجارتی جنگ میں کوئی فاتح نہیں ہوگا۔برطانوی وزیرتجارت کاامریکی صدر کی جانب سے ٹیکس عائد کرنے کے فیصلے پرکہنا ہے کہ امریکی ٹیرف کے باوجود امریکہ کے ساتھ اقتصادی معاہدے کیلئے پرعزم ہیں۔

(جاری ہے)

یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لیین نے بھی کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے تازہ ترین محصولات عالمی معیشت کیلئے ایک بڑا دھچکا ہیں اور اس سے کمزور لوگوں کو سب سے زیادہ نقصان پہنچے گا۔وزیراعظم مائیکل مارٹن نے ٹرمپ کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے کسی کو فائدہ نہیں ہوگا۔ یہ موقف مضبوط تجارتی تعلقات، خاص طور پر امریکہ کے ساتھ برقرار رکھنے کیلئے آئرلینڈ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

آئرلینڈ کے وزیر سائمن ہیرس نے کہا ہے کہ ہم امریکہ کے ساتھ بات چیت کیلئے تیار ہیں، اسے آگے بڑھنے کا بہترین طریقہ سمجھتے ہیں۔آسٹریلیا نے امریکی صدر کی جانب سے ٹیرف میں اضافے کے فیصلے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہمریکی عوام ان ناجائز ٹیرف کی سب سے بھاری قیمت چکائیں گے۔ یہی وجہ ہے کہ ہماری حکومت باہمی محصولات عائد کرنے کی کوشش نہیں کرے گی۔

ہم نیچے کی دوڑ میں شامل نہیں ہوں گے جس سے قیمتیں بلند ہوں اور ترقی کی رفتار کم ہو۔ یاد رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک پر بھاری ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کردیا،امریکی صدر نے وائٹ ہاو¿س میںمنعقدہ تقریب میں یوم آزادی کے موقع پر یورپی یونین اور 46 ممالک پر نئے تجارتی محصولات کے نفاذ کا اعلان کیا،امریکی صدر نے پاکستان پر 29 فیصد جوابی ٹیرف لگانے کا اعلان کیا ان کاکہنا ہے کہ پاکستان ہم سے 58 فیصد ٹیرف چارج کرتا ہے۔

امریکہ بھارت پر 26، چین پر 34، یورپی یونین پر 20 فیصد ٹیرف عائد کرے گا۔ سعودی عرب، قطر اور افغانستان پر دس، دس فیصد ٹیرف عائد ہو گا۔اس کے ساتھ ساتھ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کاکہنا تھا کہ بنگلا دیش پر37، جاپان پر 24، اسرائیل پر 17 اور برطانیہ پر 10 فیصد ٹیرف عائد کریں گے۔ گاڑیوں کی درآمد پر 25 فیصد اضافی ٹیکس عائد کریں گے۔امریکی صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاوس میں جوابی ٹیرف کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کئے اور خطاب میں کہا کہ جوابی ٹیرف کا نفاذ امریکا کیلئے اچھا ہوگا۔ آج کا دن امریکی تاریخ کے اہم دنوں میں سے ایک ہے۔امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان اقدامات کے ذریعے امریکہ ایک نئے سنہری دور کا آغاز کرے گا اور اب وقت آگیا ہے کہ امریکہ کو اقتصادی طور پر خوشحال بنایا جائے۔