ملک بھر کی تاجر برادری کا اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ اور ہفتہ کو ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان

جمعہ 18 اپریل 2025 01:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2025ء) ملک بھر کی تاجر برادری نے فلسطین، قبلہ اول کی آزادی، اہل غزہ کے تحفظ اور ان کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ اور 26 اپریل بروز ہفتہ کو ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ جمعہ کو یہاں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انجمن تاجران پاکستان کے صدر اجمل بلوچ، مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کاشف چوہدری، انجمن تاجران پنجاب کے صدر شاہد غفور پراچہ، خالد چوہدری اور شرجیل میرکا کہنا تھا کہ ملک بھر کے تاجر اہل غزہ کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے 26 اپریل کو شٹر ڈاون ہڑتال کریں گے ،کراچی سے لیکر خیبر تک بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں شٹر ڈاون ہوگا،فلسطین کے مسلمان سو سال سے قربانیاں دے رہے ہیں گزشتہ گیارہ ماہ میں غزہ پہ ہیرو شیما سے زیادہ بارود برسایا گیا۔

(جاری ہے)

بھارتی فوج بھی اہل غزہ کے قتل عام میں اسرائیل کا ساتھ دے رہی ہے، صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے کہا کہ تاجر اہل غزہ کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہم فلسطین کی آزادی کو جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ فلسطین میں61ہزار سے زائد شہادتیں ہوئیں جبکہ 20ہزار شیر خوار بچے شہید ہوچکے ہیں ۔ مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کےصدرکاشف چوہدری نے کہا کہ اہل غزہ کی قربانیوں نےعالم اسلام کو ایک امت بنا دیا ہے،  دنیا بھر  کی یونیورسٹیوں اور کالجوں کے طلبا و طالبات اہل غزہ کے ساتھ کھڑے ہیں ۔

اسرائیل نے غزہ کے مسلمانوں پر سفاکیت کی انتہا کر دی ہے، اہل غزہ پر سینکڑوں ٹن بارود روزانہ برسایا جا رہا ہے۔ تاجروں سمیت عوام اسرائیلی مصنوعات کابائیکاٹ کریں۔ ہمیں ڈنڈے لےکر دکانیں بند نہیں کرانی ،دکان دار اور تاجر رضاکارانہ طور پر اسرائیلی مصنوعات کو خریدنا بند کر دیں۔