کراچی میں آٹے کی قیمتوں میں 10 سے 17روپے فی کلو کمی کر دی گئی

کمشنر کراچی نے قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، ڈھائی نمبر آٹا ہول سیل 83 روپے جبکہ ریٹیل میں 87 روپے فی کلو مقرر کیا گیا، چکی کے آٹے کی قیمت میں 10 روپے کی کمی کی گئی ہے

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 18 اپریل 2025 12:44

کراچی میں آٹے کی قیمتوں میں 10 سے 17روپے فی کلو کمی کر دی گئی
کراچی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18اپریل 2025)شہر قائد کراچی میں آٹے کی قیمتوں میں 10روپے سے 17روپے فی کلو  کمی کر دی گئی، کمشنر کراچی نے قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، کمشنر کراچی نے آٹے کی قیمتوں میں 10روپے سے 17روپے فی کلو کمی کر دی ہے،کمشنر کراچی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈھائی نمبر آٹا ہول سیل 83 روپے جبکہ ریٹیل میں 87 روپے فی کلو مقرر کیا گیا، فائن آٹا ہول سیل 88 روپے جبکہ ریٹیل میں 92 روپے فی کلو مقرر ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ہول سیل میں فائن آٹے کی نئی قیمت 78 روپے فی کلو مقرر ہوگئی، ریٹیل میں فائن آٹے کی نئی قیمت 82 روپے فی کلو مقرر کردی گئی ہے۔چکی کے آٹے کی قیمت میں 10 روپے کی کمی ہوئی ہے جبکہ نئی قیمت 90 روپے فی کلو ہوگی۔کمشنر کراچی دفتر میں شکایتی سیل کو فعال کیا گیا ہے جس سے شہریوں کی شکایت سے گراں فروشی کی روک تھام میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنرز کو گراں فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سرکاری نرخ کی خلاف ورزی پر دکانداروں پر جرمانہ اور گرفتاری کریں۔واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن سندھ زون کے مرکزی ایگزیکٹو ممبر عامر عبداللہ کاکہنا تھا کہ ملز مالکان نے گندم کی قیمتوں میں 15 روپے فی کلو کمی کے بعد آٹے کے نرخوں میں کمی کی گئی تھی۔

بتایاگیا تھا کہ کراچی ہول سیلرز گروسرز ایسوسی ایشن (کے ڈبلیو جی اے) کے چیئرمین روف ابراہیم کا بھی کہنا تھا کہ ڈھائی نمبر آٹے کی ہول سیل قیمت 80 روپے فی کلو سے کم ہوکر 67 روپے اور فائن آٹے کی قیمت 84 روپے فی کلو سے کم ہوکر 76 روپے فی کلو ہوگئی تھی۔ہول سیل قیمتوں میں کمی کی وجہ گندم کے نرخوں میں کمی کو قرار دیتے ہوئے انہوں نے یہ بھی کہا تھاکہ متعدد خوردہ فروش ڈھائی نمبر آٹا 100 روپے فی کلو اور فائن آٹا 110 روپے فی کلو فروخت کررہے تھے جبکہ چکی کا آٹا 120 روپے فی کلو میں دستیاب تھا۔مارکیٹ کے کچھ خوردہ فروشوں نے آٹے کی دونوں اقسام کی قیمتوں میں 10 روپے فی کلو کمی کا دعویٰ کرتے ہوئے لچک کا مظاہرہ کیا تھا۔