گندم کی فی من قیمت 4 ہزار روپے مقرر کرنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

کسان کی جانب سے درخواست میں پنجاب حکومت، سیکریٹری فوڈ ڈیپارٹمنٹ اور ڈی جی پاسکو کو فریق بنایا گیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 19 اپریل 2025 14:04

گندم کی فی من قیمت 4 ہزار روپے مقرر کرنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اپریل 2025ء ) ملک میں گندم کی فی من قیمت 4 ہزار روپے مقرر کرنے کے لیے درخواست دائر کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق اس حوالے سے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا گیا ہے جہاں چنیوٹ کے کسان نے ایڈووکیٹ غلام عباس ہرل کی وساطت سے درخواست دائر کی جس میں انہوں نے پنجاب حکومت، سیکریٹری فوڈ ڈیپارٹمنٹ اور ڈی جی پاسکو کو فریق بنایا، گندم کی فی من قیمت 4 ہزار روپے مقرر کرنے کی استدعا کی اور اپیل کی کہ عدالت گندم کی خریداری کے لیے حکومت کو پالیسی بنانے کا حکم دے۔

علاوہ ازیں کسان اتحاد نے پنجاب حکومت کا پیکیج مسترد کردیا، اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں مرکزی چیئرمین کسان اتحاد خالد حسین باٹھ نے حکومت پنجاب کے کسان پیکیج کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کو لولی پاپ دے کر ان کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے، کسان کو ریلیف نہیں دھوکہ دیا جا رہا ہے، 15 ارب روپے کا کسان پیکیج کرپشن کا نیا راستہ ہے، حکومت بیوروکریسی کے ذریعے کسانوں کے نام پر کرپشن چاہتی ہے، ایک ارب ڈالرز کی گندم بیرونِ ملک سے درآمد کرنے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزہد کہا کہ نجی کمپنیوں کے ذریعے کسانوں کو لوٹا جا رہا ہے، گندم کا ریٹ مقرر نہ کرنا کسان دشمن پالیسی کا حصہ ہے، پنجاب کے کسان حکومت کی پالیسیوں سے تنگ آ چکے ہیں، کسانوں سے سرکاری ریٹ پر گندم خریدی جائے، اگر حکومت نے کسانوں کے مطالبات نہ مانے تو اگلا لائحہ عمل جلد دیا جائے گا، پرائیویٹ سیکٹر کو فائدہ دے کر کسان کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے، فی الفور سرکاری گوداموں میں گندم کی خریداری کا آغاز کیا جائے، کسان کا استحصال ناقابل برداشت ہو چکا، پیکیج واپس لیا جائے، حکومت گندم کا سرکاری ریٹ 4 ہزار 200 روپے فی من مقرر کرے۔