بلاول بھٹو زرداری کا پوپ فرانسس کے انتقال پر گہرے دکھ و افسوس اظہار

مسیحی دنیا ایک ایسے روحانی رہنما سے محروم ہوگئی ہے، جس کی آواز محبت، اتحاد، اور اخلاقی جرات کی علامت تھی، چیئرمین پیپلزپارٹی

پیر 21 اپریل 2025 18:49

بلاول بھٹو زرداری کا پوپ فرانسس کے انتقال پر گہرے دکھ و افسوس اظہار
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2025ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پوپ فرانسس کے انتقال پر گہرے دکھ و افسوس اظہار کرتے ہوئے اسے عالمی برادری، بین المذاہب ہم آہنگی اور انسانیت کے لیے ایک بہت بڑا نقصان قرار دیا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہائوس سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ پوپ فرانسس ہمدردی، عاجزی اور امن کی ایک روشن علامت تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پوپ فرانسس کے غریبوں کی فلاح و بہبود، مہاجرین کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے اور مختلف مذاہب و ثقافتوں کے درمیان پل بنانے کے لیے غیر متزلزل عزم نے انہیں کیتھولک دنیا سے کہیں بڑھ کر عالمی سطح پر عزت و وقار بخشا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کی مسیحی برادری، ویٹی کن، اور دنیا بھر میں پوپ فرانسس کے پیروکاروں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ مسیحی دنیا ایک ایسے روحانی رہنما سے محروم ہوگئی ہے، جس کی آواز محبت، اتحاد، اور اخلاقی جرات کی علامت تھی، خصوصا اس دنیا میں جو تیزی سے تقسیم کا شکار ہو رہی ہے۔ انہوں نے مرحوم کی ابدی زندگی میں سکون اور اس ناقابلِ تلافی نقصان پر غمزدہ افراد کے لیے صبر و حوصلے کی دعا کی ہے۔