حکومت نوجوانوں کو برسر روزگار بنانے کیلئے نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کا جلد اعلان کرے گی، رانا مشہود احمد خان

اس پالیسی کی تشکیل کیلئے تمام وفاقی اور صوبائی کابینہ، قومی و صوبائی اسمبلیوں سے منظوری لی جائے گی،چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام

منگل 22 اپریل 2025 22:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2025ء)چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کو برسر روزگار بنانے کیلئے نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کا جلد اعلان کرے گی، نوجوانوں سمیت مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کو مرکزی دھارے میں لانے کیلئے نیشنل یوتھ اینڈ ایڈولسنٹ پالیسی پر وسیع تر مشاورت کا عمل جاری ہے۔

منگل کو نئی سوچ، نئی راہیں کے موضوع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے محدود مدت میں ناممکن کو ممکن کر دکھایا ہے، نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا کر انہیں سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے نوجوانوں کے عالمی دن پر یوتھ کنونشن منعقد کیا، دولت مشترکہ یوتھ الائنس کانفرنس منعقد کی گئی، نیشنل یوتھ کونسل تشکیل دی گئی ہے جس میں ملک اور بیرون ملک سے نوجوانوں کے نمائندے شامل ہیں،نوجوانوں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر سہولیات فراہم کرنے کیلئے ڈیجیٹل یوتھ حب قائم کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

رانامشہودنے کہاکہ نوجوانوں کو سہولیات دے کر ان کو منفی سے مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کیا گیا ہے، حکومت نوجوانوں کو برسر روزگار بنانے کیلئے نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کا جلد اعلان کرے گی۔چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے کہاکہ نوجوانوں سمیت مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کو مرکزی دھارے میں لانے کیلئے نیشنل یوتھ اینڈ ایڈولسنٹ پالیسی پر وسیع تر مشاورت کا عمل جاری ہے، تمام متعلقہ فریقوں کی مشاورت کے بعد اس پالیسی کا اعلان کیا جائے گا، اس پالیسی میں تمام پہلوئوں کا احاطہ کیا جائے گا اور تمام طبقات کو اس میں شامل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس پالیسی کی تشکیل میں تمام صوبوں کو شامل کیا جائے گا، تمام وفاقی اور صوبائی کابینہ، قومی و صوبائی اسمبلیوں سے اس کی منظوری لی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پچاس ملین افراد نے ڈیجیٹل حب تک رسائی حاصل کی ہے، نوجوان اس میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں، ہم سب ملکر پاکستان کو خوشحال بنائیں گے۔