ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمٰن کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن کمیٹی کا اہم اجلاس

منگل 22 اپریل 2025 23:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2025ء) ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمٰن کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کے تعلیمی امور، درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زاہد حسین، پرنسپل گرلز ڈگری کالج سبین بلوچ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر میر جان بلوچ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (میل) عبدالوہاب مجید، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (فیمیل) بلقیس سلیمان، مختلف این جی اوز، آر ٹی ایس ایم اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر نے اجلاس میں SBK کے تحت کامیاب اور کوالیفائیڈ اساتذہ کو تعیناتی کے نوٹیفکیشن جاری کرنے سے متعلق آگاہ کیا، اور بتایا کہ گوادر صوبے کا پہلا ضلع ہے جس نے کامیاب امیدواروں کو تقرری کے احکامات جاری کیے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اساتذہ کی جوائننگ سے متعلق امور پر بھی گفتگو کی۔اجلاس کے دوران ضلع بھر کے مختلف اسکولوں میں اساتذہ کی کمی کے مسئلے پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

خاص طور پر سائنس اساتذہ کی کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے تجویز دی کہ مجاز اتھارٹی سے درخواست کی جائے گی کہ سائنس ٹیچرز کو بی ایڈ کی شرط سے وقتی طور پر مستثنیٰ قرار دیا جائے تاکہ تعیناتی کے بعد وہ اس قابلیت کو مکمل کر سکیں۔ڈپٹی کمشنر نے اعلان کیا کہ گرمیوں کی تعطیلات کے دوران اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے کریٹیو اور کریٹیکل ریڈنگ کے فروغ کے لیے بھی متعلقہ حکام سے تبادلہ خیال کیا اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز سے آرا طلب کیں۔اجلاس میں اس امر پر بھی توجہ دی گئی کہ بعض اسکولوں میں اساتذہ تو موجود ہیں، مگر طلبہ کے لیے عمارت یا شیلٹرز کی کمی ہے۔ اس مسئلے کے حل کے لیے کمیونٹی کی شمولیت کو ضروری قرار دیا گیا تاکہ بچوں کو محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔

مزید برآں، اجلاس میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے، مدارس کے تعلیمی طریقہ کار پر مذہبی رہنما مولانا عبدالحمید انقلابی سے گفتگو، اسکول و کالج کے ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت اور داخلہ مہم کے اہداف پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے داخلہ مہم کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے والے اساتذہ — اورماڑہ کی نسیمہ جی وی ٹی اور بندری کے ایس ایس ٹی طاہر شاہ — کو تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔

اجلاس میں اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا کہ پانوان اور جیوانی کے کچھ علاقوں میں کلاس ہفتم سے دہم تک کے طلبہ چائلڈ لیبر کا شکار ہیں اور پیٹرول کے کاروبار میں مزدوری کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ان بچوں کی بحالی اور تعلیم میں واپسی کے لیے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔آخر میں، گرلز ڈگری کالج گوادر کے دیرینہ مسائل کے حل پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ کالج کو ڈیجیٹل لائبریری اور شمسی توانائی کے نظام سے منسلک کیا جا رہا ہے، جبکہ کلاس رومز اور دفاتر میں پنکھے و دیگر سہولیات کی تنصیب بھی جاری ہے۔ پرنسپل سبین بلوچ نے اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔ اسی طرح گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج گوادر کے زیر التوا منصوبے بھی ڈپٹی کمشنر کی کوششوں سے دوبارہ فعال ہو گئے ہیں۔