آسٹریلیا کے سابق اوپنرکیتھ سٹیک پول 84 سال کی عمر میں چلے بسے

بدھ 23 اپریل 2025 15:44

کینبرا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2025ء) آسٹریلیا کی مردوں کی قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کرکٹر کیتھ سٹیک پول 84 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔کیتھ سٹیک پول نے اپنا کرکٹ کیریئر کا آغاز 1966 میں انگلینڈ کے خلاف ایک مڈل آرڈر کھلاڑی کے طور پر کیا تھا وہ بلے بازی کے ساتھ ساتھ لیگ سپن بائولر بھی تھے لیکن 1969 کے اوائل میں وہ بل لاری کے ساتھ اوپننگ کرتے تھے ۔

کیتھ سٹیک پول کو 43 ٹیسٹ اور 6 ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔کیتھ سٹیک پول نے 43 ٹیسٹ میچز میں سات سنچریاں اور 14 نصف سنچریاں سکور کیں، اس دوران انہوں نے 37.42 کی اوسط سے 2807 رنز سکور کیے ۔ ان کی ٹیسٹ کرکٹ میں کیریئر بیسٹ اننگز 207 رنز تھی ،جو انہوں نے 1970 میں گابا کے مقام پر انگلینڈ کے خلاف سکور کی تھی۔

(جاری ہے)

کیتھ سٹیک پول نے کیپ ٹاؤن میں جنوبی افریقہ کے خلاف اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری سکور کی ۔کیتھ سٹیک پول 1972 کی ایشز میں آئن چیپل کے نائب کپتان تھے۔انہیں 1973 میں وزڈن کرکٹر آف دی ایئر قرار دیا گیا تھا۔کرکٹ آسٹریلیا (سی اے)کے چیئر مائیک بیرڈ نے کہاہے کہ کیتھ سٹیک پول کرکٹ کے کھیل کے عظیم کھلاڑیوں میں سے ایک تھے جن کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

وہ نہ صرف آسٹریلیا اور وکٹوریہ کے لیے ایک شاندار کھلاڑی تھے، بلکہ میڈیا، ریڈیو اور ٹی وی کی کمنٹری میں ان کا کام نئے لوگوں کے لئے مشعل راہ ہے۔ان کا ٹیسٹ کیریئر 1974 میں آکلینڈ میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ پر ختم ہوا ۔کیتھ سٹیک پول نے جنوری 1971 میں پہلے ون ڈے میچ کھیلا ۔انہیں 1974 میں کرکٹ کے لیے خدمات پر ایم بی ای سے نوازا گیا۔ انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں مجموعی طور پر 10,100 رنز بنائے اور 148 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ ایک ممتاز ٹی وی اور ریڈیو مبصر بھی تھے ۔\932